افغانستان میں نوروز کے موقع پر دھماکے، 30 ہلاک

,

   

کابل ۔ 21 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) کابل میں جشن نو روز کے موقع پر ہوئے دھماکوں میں کم و بیش 30افراد ہلاک ہوگئے۔ جنگ زدہ ملک میں دھماکے کا یہ تازہ ترین واقعہ ہے جو شیعہ مسلمانوں کے ایک علاقہ میں رونما ہوا۔ دریں اثناء وزارت صحت کے ترجمان وحیداللہ نے بتایا کہ 30ہلاکتوں کے علاوہ 23 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جبکہ وزارت داخلہ نے ان ہلاکتوں کی توثیق کی ہے۔ البتہ اس حملہ کی ذمہ داری طالبان نے نہیں لی ہے جیسا کہ توقع کی جارہی تھی۔ دوسری طرف پولیس نے بتایا کہ دھماکے ریموٹ کنٹرول سے کئے گئے ہیں جن سے بارودی سرنگوں کو دھماکے سے اڑا دیا گیا۔ ان میں سے ایک باودی سرنگ افسوسناک طور پر ایک مسجد کے بیت الخلاء میں بچھائی گئی تھی جبکہ دیگر دو بارودی سرنگیں ایک ہاسپٹل کے عقب میں اور دوسری برقی میٹر میں رکھی گئی تھی۔ دھماکے کابل یونیورسٹی اور مشہور و معروف ولی ’’کرتے سخی‘‘ کی درگاہ کے قریب کئے گئے جہاں ہر سال افغان شہریوں کی کثیر تعداد نوروز کا تہوار منانے آتی ہے جبکہ مسلم بنیاد پرست اس تہوار کو منانا غیراسلامی سمجھتے ہیں۔