امریکی قونصل خانوں میں 14 جون سے خدمات کی بحالی کا فیصلہ

   

حیدرآباد۔ملک بھر میں امریکی قونصل خانہ کی خدمات 14 جون سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور سفارتخانہ کے ٹوئیٹر پر اعلان کے مطابق تمام قونصل خانہ بشمول امریکی قونصل خانہ حیدرآباد میں بھی امریکہ میں زیر تعلیم اور جن طلبہ کو داخلہ حاصل ہوچکا ہے اور وہ اپنی روانگی کے منتظر ہیں ان کیلئے انٹرویو کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ عہدیداروں نے طلبہ سے خواہش کی کہ وہ 14 جون سے خدمات سے استفادہ کیلئے امریکی ویزا کیلئے جس ویب سائٹ پر درخواست داخل کی جاتی ہے اسی پر ویزا انٹرویو کیلئے وقت کا تعین کریں اور مقررہ تاریخ کے مطابق قونصل خانہ پر موجود رہیں۔ قونصل خانہ میں ویزاانٹرویوز کے عمل کو ملک بھر میں کورونا کے پھیلاو کو دیکھتے ہوئے منسوخ کردیا گیا تھا لیکن چند یوم سے امریکی جامعات میں داخلہ میں کامیاب طلبہ جو اپنے انٹرویو کے منتظر ہیں وہ اس سلسلہ میں دریافت کرنے لگے تھے جس پر امریکی سفارتخانہ نے ملک بھر میں تمام قونصل خانوں میں طلبہ کے ویزا کیلئے انٹرویو کی خدمات کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور یہ خدمات 14 جون سے شروع کردی جائیں گی۔