تراویح میں تکمیل قرآن مجید پر روحانی تقویت کا حصول

   

ایکمنار مسجد جنگاؤں میں پنج شبی شبینہ کی اختتامی تقریب ، مقررین کا خطاب ، نوعمر حافظ صادق علی کو تہنیت کی پیشکشی

جنگاؤں ۔ 28 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ایکمینار مکہ مسجد جنگاؤں میں چاند رات سے پنج شبی شبینہ کا اہتمام کیا گیا تھا جس کا 4 رمضان کو اختتام ہوا ۔ نوعمر طالب علم حافظ صادق علی متعلم دارالعلوم رحمانیہ حیدرآباد نے نماز تراویح میں روزانہ خشوع و خضوع کے ساتھ ترتیب اور قرأ ت سے (6) پارے سنائے۔ شبینہ کے اختتام پر جلسہ تہنیت و شال پوشی منعقد ہوا جس کی صدارت جناب محمد انور سابقہ کونسلر نے کی ۔ محمد جمال شریف ایڈوکیٹ و متولی مسجد ہذا نے حافظ صادق علی کی شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی اور کہا کہ رمضان المبارک کے بڑے متبرک مہینہ میں اﷲ تعالیٰ نے ہم کو قرآن مجید کو نماز تراویح میں مکمل سننے کا موقع دیا ۔ پنج شبی شبینہ کی وجہ سے ایک اچھا موقع نصیب ہوا ۔ بالخصوص تاجرین اور دیگر مصروف رہنے والے افراد نے اس شبینہ سے خاص استفادہ کیا اور تراویح میں قرآن سُن سکے ۔ رمضان المبارک کے مہینہ میں قرآن کی تلاوت زیادہ سے زیادہ کرنا چاہئے اس لئے کہ اﷲ تبارک و تعالیٰ نے اس مہینہ میں قرآن نازل فرمایا ۔ یہ مہینہ قرآن کا مہینہ ہے۔ رمضان کے روزوں کی برکت سے اﷲ تعالیٰ خوشحالی اور ہمہ اقسام کی فرحت روزہ دار کو نصیب فرماتے ہیں ۔ ہر مسلمان رمضان میں پورے روزے ، نماز تراویح پڑھنے کا اور اعتکاف میں بیٹھنے کا اہتمام کریں۔ واضح رہے کہ روزآنہ نماز تراویح میں (6) پارے قرآن شریف کو حافظ صادق علی نے سکون و اطمینان اور ترتیل کے ساتھ پڑھا جس سے مصلیان کرام کو روحانی فرحت کا احساس ہوا ۔ کم عمری میں حافظ صادق علی نے جس بہتر اور منفرد انداز میں شبینہ مکمل کیا ہے اُس کیلئے وہ خود بھی قابل مبارکباد ہیںاور ان کے والدین و اساتذہ بھی قابل مبارکباد اور ستائش کے قابل ہیں،اﷲ تعالیٰ انھیں اجرعظیم عطا فرمائے اور دنیا و آخرت میں کامیاب کرے ۔ ( آمین) مقررین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نماز تراویح میں تکمیل قرآن مجید پر روحانی تقویت حاصل ہوتی ہے ۔ نماز تراویح سنت ہے اور تراویح میں قرآن کا سننا سنت ہے ۔ آپ لوگوں نے ایک سنت کو مکمل کرلی ہے اور دوسری سنت یہ ہے کہ روزانہ (20) رکعت نماز تراویح پڑھیں۔ رمضان کے موقع پر زیادہ سے زیادہ نیکیاں حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ صدقہ ، خیرات ، زکوٰۃ اس مہینہ میں ادا کرنے کی کوشش کریں۔ جلسہ میں محمد رافع متین ایڈوکیٹ، محمد جواد ، عبدالکریم ، عبدالمنان رضی ، غوثی ، مجو ، اقبال ، ربانی ، عاطف ، ذاکر ، سلمان ، امان ، راحیل ، ریاض ، حفیظ اور دوسرے نوجوانوں کی کثیرتعداد موجود تھی ۔ آخر میں مولانا نوشاد علی سبیلی (سب ایڈیٹر روزنامہ سیاست حیدرآباد) نے دعا کی ۔ تمام حاضرین جلسہ کے لئے ہریس اور شیرنی کا انتظام کیا گیا تھا ۔ متولی مسجد ہذا جمال شریف ایڈوکیٹ نے مصلیان و شرکاء سے اظہارتشکر کیا۔