عمانی جوڑے کو دھوکہ ہم وطن نوجوان گرفتار

   

جوبلی ہلز کے خانگی دواخانہ میں علاج، سات لاکھ روپئے کا جھانسہ
حیدرآباد۔/15 مئی، ( سیاست نیوز) بنجارہ ہلز پولیس نے دھوکہ دہی کے الزام میں ایک عمانی باشندہ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ 25 سالہ عماد گلارڈ نے اپنے ہی وطن کے معمر جوڑے عبداللہ نذیر اور ان کی بیوی ہاجرہ محمد علی کو 7 لاکھ روپئے کا دھوکہ دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ عبداللہ مثانہ کے کینسر کے علاج کیلئے ہندوستان آئے تھے اور پہلے ممبئی میں اس کا علاج کروایا اور بعد ازاں حیدرآباد منتقل ہوئے۔ ہاجرہ نے فیس بک پر عربی میں ایک پیغام تحریر کیا تھا جس میں ہندوستان میں مقیم افراد کی علاج کیلئے مدد طلب کی تھی۔ عماد نے اس فیس بک پوسٹ کو دیکھنے کے بعد معمر جوڑے سے رابطہ قائم کیا اور انہیں حیدرآباد آنے کا مشورہ دیا جس کے نتیجہ میں عبداللہ نذیر اور ان کی بیوی حیدرآباد پہنچے۔ عمانی جوڑے نے بنجارہ ہلز میں واقع ایک خانگی دواخانہ میں علاج شروع کروایا۔ ہاسپٹل کے انتظامیہ نے نذیر کے علاج کیلئے ساڑھے تین لاکھ روپئے ہاسپٹل کا بل حوالے کیا لیکن عماد نے معمر جوڑے کو دھوکہ دینے کی غرض سے ان سے 12 لاکھ روپئے حاصل کئے۔ نذیر اور ان کی بیوی کو عربی کے سوا کوئی زبان نہیں آتی ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عماد نے 7 لاکھ روپئے کی دھوکہ دہی کی۔ بنجارہ ہلز پولیس نے عماد کو گرفتار کرلیا اور عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل بھیج دیا۔