فن خطاطی کے خادم سید موسیٰ کے فن کی ستائش

,

   

حیدرآباد ۔ 21 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : ہمارے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد کو اس بات کا اعزاز حاصل ہے کہ اس سرزمین پر ایسے گوہر نایاب پیدا ہوئے جنہوں نے اپنے علم و ہنر زبان و بیان کو تحریر و تقریر کے ذریعہ دنیا کی توجہ اپنی جانب راغب کروائی اور دنیا بھر میں حیدرآباد دکن کی عظمت کا ڈنکا بجایا ۔ ہمارے شہر میں فن خطاطی کے فروغ کے لیے بھی بہت کام کیا گیا اور حیدرآباد کے فن خطاطی کے خوبصورت دیدہ زیب نظروں کو خیرہ کردینے والے نمونے دنیا بھر میں پہنچائے گئے ۔ اس فن کے لیے جن شخصیتوں کے قلوب میں بے پناہ تڑپ پائی جاتی ہے اُن میں سید موسیٰ ولد حضرت سید یحییٰ بھی شامل ہیں جنہوں نے بڑی محنت جستجو سے فن خطاطی سیکھا اور اب اسے فروغ دینے میں مصروف ہیں ۔ انہیں اس کام میں اپنی اہلیہ محترمہ رفعت سلطانہ سابق پرنسپل ریزیڈنشیل اسکول فار ڈین کا غیر معمولی تعاون حاصل رہا ۔ جناب سید موسیٰ نے فن خطاطی کے معاملہ میں اسکول آف کیلی گرافی کے مشہور و معروف استاذ عدنان شریفی ، عالمی شہرت یافتہ خطاط فاروق حداد ( عراق ) ، محمد نوری ( شارجہ ) کے علاوہ حیدرآباد کے مشہور خطاط ضمیر الدین نظامی ، نعیم صابری صاحب مرحوم اور سید اشرف صاحب مرحوم سے فن خطاطی کے ابتدائی امور سیکھے ۔ جناب سید موسیٰ کے فن خطاطی کے شہ پاروں کی نمائش کا شارجہ ، دوبئی ( متحدہ عرب امارات ) اور شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد بلکہ حیدرآباد کے تاریخی سالار جنگ میوزیم میں اہتمام ہوچکا ہے ۔ ایرانی خطاط کے ہمراہ بھی آپ نے کام کیا ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے بھی سید موسیٰ کی حوصلہ افزائی کی اور ان کے تیار کردہ فن خطاطی کے نمونوں کو کافی پسند کیا ۔ سید موسیٰ نے فن خطاطی میں چار خطوط پر بہت زیادہ کام کیا جن میں خطِ ثلث ، جلی دیوانی ، نسق ، نستعلیق شامل ہیں ۔ وہ کہتے ہیں کہ ان کی زندگی کا سب سے بڑا کارنامہ قرآن مجید کی کتابت کا ہے ۔ وہ اس کارنامہ کے لیے بارگاہ رب العزت میں ہمیشہ سجدہ شکر بجالاتے ہیں ۔ جناب سید موسیٰ کو سال 2015 میں اردو اکیڈیمی ریاست تلنگانہ نے بہترین خطاط کا ایوارڈ بھی عطا کیا ۔ سید موسیٰ بتاتے ہیں کہ فن خطاطی ان کے لیے ذہن و قلب کے سکون کا بہترین ذریعہ ہے اور اس کے لیے انسان کو ہمیشہ پاک صاف اور باوضو رہنا بہتر ہے ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے بھی سید موسیٰ کے فن خطاطی کو دیکھا اور ان کی ستائش کی ۔ جناب سید موسیٰ سے فون نمبر 9703159355 پر ربط کیا جاسکتا ہے ۔۔