ویکسین مہم میں تیزی، خوراک دور دور تک پہنچ گئی

,

   

۔16 جنوری سے ٹیکے دیئے جائیں گے۔ آسام سے گوا اور جموں و کشمیر سے کیرالا تک احاطہ

نئی دہلی : کوویڈ۔19 کے خلاف ہندوستان کی مہم میں چہارشنبہ کو تیزی آئی جبکہ ویکسین کی خوراک لیکر طیاروں نے ملک بھر کے ایرپورٹس میں لینڈنگ کی جہاں سے قیمتی اشیاء کو چھوٹے شہروں اور ٹاؤنس کیلئے بھیجا گیا تاکہ 16 جنوری کو ٹیکہ اندازی کا عمل شروع کیا جاسکے۔ آسام سے گوا اور جموں و کشمیر سے کیرالا تک ویکسین کو ملک کے کونے کونے کو احتیاط اور تیزی سے منتقل کیا گیا۔ ایک روز قبل ہی پونے میں واقع سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا مینوفیکچرنگ سنٹر سے آکسفورڈ ؍ ایسٹرازنیکا کی کووی شیلڈ ویکسین کی پہلی کھیپ برآمد کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے کووی شیلڈ ویکسین کے 1.1 کروڑ ٹیکے خریدے ہیں جن میں سے 95 فیصد کی دو دنوں میں ہندوستان بھر کے تقریباً 60 مقامات کو منتقلی کی جاچکی ہے۔ حیدرآباد میں قائم بھارت بائیوٹیک کے دیسی طور پر تیار کردہ کویگزین کے 55 لاکھ ٹیکوں میں سے جن کا مرکز نے آرڈر دیا ہے، 2.4 لاکھ ٹیکوں کی پہلی کھیپ 12 ریاستوں کو بھیجی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کویگزین 12 مقامات تک پہنچائی گئی ہے جن میں گناورم، گوہاٹی، پٹنہ، دہلی، کروکشیتر، منگلورو، پونے، بھوبنیشور، جئے پور، چینائی، لکھنؤ اور حیدرآباد شامل ہے۔ وزارت صحت نے کہا کہ ویکسین کا الاٹمنٹ تمام ریاستوں اور مرکزی زیرانتظام علاقوں کیلئے ان کے ہیلتھ کیئر ورکرس کی تعداد کے تناسب سے کیا گیا ہے۔ دہلی میں جہاں ٹیکہ اندازی مہم 89 مراکز پر شروع ہوگی، چیف منسٹر اروند کجریوال نے کہا کہ اگر مرکز کوروناوائرس ویکسین کی مفت فراہمی میں ناکام ہوتا ہے تو ان کی عام آدمی پارٹی حکومت اسے فری دے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی اس سلسلہ میں مرکز سے اپیل کرچکے ہیں کیونکہ ملک میں ایسے متعدد لوگ ہیں جو اس ویکسین کی قیمت ادا کرنے کے متحمل نہیں ہوسکتے ہیں۔ قومی ترجیحی فہرست کی مطابقت میں یہ ویکسین پہلے ہیلتھ کیر اور فرنٹ لائن ورکرس کو دی جائے گی۔ ویکسی نیشن کا ہر سیشن فی یوم زیادہ سے زیادہ 100 استفادہ کنندگان سے نمٹے گا اور مرکزی وزارت صحت نے کہا ہیکہ اس نے ریاستوں کو مشورہ دیا ہیکہ ہر مرکز پر فی یوم ٹیکہ اندازی کی نامعقول تعداد کو ترک کرے۔ وزارت نے کہا کہ ویکسین لگانے میں جلد بازی سے گریز کیا جائے اور جلد از جلد ٹیکہ اندازی عمل پورا کرنے کی کوشش میں مہم کو متاثر نہ کیا جائے۔ جن مراکز کو ویکسین فضائی راستہ سے منتقل کی جارہی ہے، وہاں ایرپورٹ سے محکمہ صحت کے خصوصی ویانس کے ذریعہ ویکسین کے باکس اسٹیٹ ویکسین سنٹر کو پہنچائے جارہے ہیں۔ وہاں حکومت اور دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام جائزہ لے رہے ہیں اور پھر ویکسین کو اضلاع، چھوٹے شہروں اور قصبات کو بھیجا جارہا ہے۔

یوپی میں متوفی نرس کوویڈ ویکسین لسٹ میں شامل
ایودھیا : ایک متوفی نرس کو یہاں فرنٹ لائن ورکر کی حیثیت سے درج رجسٹر کیا گیا ہے جسے کوروناویکسین لگانے کے پہلے مرحلہ میں شامل کیا جائے گا۔ ایودھیا کے ڈوفرین ہاسپٹل کیلئے ریاستی محکمہ صحت کے تیار کردہ فہرست میں تین نرسوں کے نام ہیں۔ ان میں سے ایک فوت ہوچکی ہے، دوسری ریٹائرڈ ہے اور تیسری مستعفی ہوچکی ہیں۔