’ کمل چھاپ چوکیدار ‘ یقینا چور ہے ۔ راہول گاندھی

,

   

نئی دہلی 22 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس صدر راہول گاندھی نے ‘ رافیل معاملت پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے سلسلہ میں اپنے کچھ ریمارکس پر عدالت میں اظہار افسوس کرنے کے بعد ‘ کہا کہ 23 مئی کو عوام کی عدالت میں یہ فیصلہ ہوجائیگا کہ ’’ کمل برانڈ کا چوکیدار ‘‘ یقینا چور ہے ۔ 15 اپریل کو سپریم کورٹ نے واضح کیا تھا کہ رافیل معاملہ میں جو فیصلہ سنایا گیا تھا اس میں کوئی حوالہ نہیںتھا کہ چوکیدار نریندر مودی چور ہے ۔ راہول گاندھی نے عدالت کا یہ حوالہ دیا تھا ۔ کانگریس صدر نے عدالت میں آج اپنے ریمارکس پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ بیان سیاسی مہم کی گرما گرمی میں دیا گیا ہے اور اس کا ان کے سیاسی مخالفین نے استحصال کیا ہے ۔ راہول کا کہنا تھا کہ ان کا عدالت کے وقار کو مجروح کرنے کا کوئی ارادہ نہیں تھا ۔ بعد ازاں اپنے ہندی میں کئے گئے ایک ٹوئیٹ میں راہول گاندھی نے کہا کہ 23 مئی کو یہ فیصلہ عوام کی دالت میں ہوجائیگا کہ کمل چھاپ چوکیدار یقینا چور ہے ۔ اس وقت انصاف ہوجائیگا ۔ جس چوکیدار نے اپنے غریب عوام سے لوٹا ہے اور اپنے امیر دوستوں کو فائدہ پہونچایا ہے اسے سزا مل جائے گی ۔ ملک میں جاری لوک سبھا انتخابات کے نتائج کا 23 مئی کو اعلان ہونے والا ہے ۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم نریندر مودی پر جھوٹے وعدے اور عام آدمی کو پریشان کرنے کا الزام لگاتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ ان کی پارٹی کسانوں اور غریب طبقے کے فلاح کیلئے ہر ممکن اقدام کرے گی۔ بارہ بنکی میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہول نے کہا کہ بی جے پی گذشتہ لوک سبھا انتخابات کا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا ۔ حکومت نے ملک کے صرف 15 لوگوں کا بھلا کیا ہے ۔جبکہ کسان، مزدور اور نوجوان پہلے سے ہی پریشان ہوا ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ کانگریس کسانوں کے مفاد کے لئے تاریخی کام کرنے جارہی ہے ۔ مرکز میں حکومت بنی تو اس بار دو بجٹ ہوں گے ۔ جس میں ایک ملک کا بجٹ ہوگا تو دوسرا کسانوں کا بجٹ ہوگا۔ ملک میں کسی بھی کسان کو قرض واپس نہ کرنے کے پاداش میں جیل نہیں جانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ روزگار دینے کا وعدہ کرنے والی مودی حکومت گذشتہ پانچ سال میں ایک لاکھ نوجوان کو بھی نوکری نہیں دے سکی ہے ۔