گٹکھا کا بڑا ریاکٹ بے نقاب

   

63 لاکھ مالیتی گٹکھا ضبط ، کمشنر سٹی پولیس انجنی کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد : شہر میں گٹکھے کے ایک اور بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے ٹاسک فورس پولیس نے دو افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے 63 لاکھ مالیتی ممنوعہ گٹکھا برآمد کرلیا ۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد حسن الدین اور اس کے ساتھی محمد مظہر الدین اور محمد عاطف بڑے پیمانے پر گٹکھے کی تیاری اور اس کے کاروبار میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ گٹھکے کے بڑے پیمانے پر کاروبار کیلئے حسن الدین نے شاہ علی بنڈہ سے تعلق رکھنے والے اختر ، بھوانی نگر کے یٰسین ، تالاب کٹہ کے مقبول ، حسن نگر کے دستگیر عباس میاں اور یاقوت پورہ کے مرزا فاضل حسین بیگ کی مدد سے یہ کاروبار چلارہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ افراد بیدرکرناٹک سے تعلق رکھنے والے گٹکھے کے کاروباری رضوان سے رابطہ قائم کیا اور اس کی مدد سے گاڑیوں میں گٹکھا منتقل کررہے تھے ۔ شہر منتقل کئے جانے کے بعد گٹکھے کو پان کی دوکان ، کرانہ شاپ اور دیگر کاروباریوں کو گٹکھا فراہم کیا جاتا تھا ۔ گٹکھے کی بڑے پیمانے پر تیاری کے بعد پیاکٹس کو رکھنے کیلئے شہر کے مضافاتی علاقوں کا استعمال کیا جارہا تھا تاکہ کاروبار کے دوران پولیس کی نظر سے بچاجاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اس آپریشن میں ٹاسک فورس نارتھ زون ٹیم نے 63 لاکھ 96 ہزار مالیتی گٹکھے کے پیاکٹس بھی برآمد کرکے دو گاڑیاں بھی ضبط کرلئے۔