یمن کو سعودی ۔ایران معاہدہ سے امن کا سبق سیکھنا چاہئے

   

نیویارک: اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے یمن نے کہا ہے کہ یمن سعودی ایران معاہدہ کا فائدہ اٹھاتے ہوئے امن کا راستہ اپنائے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے معاہدہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے خلیجی خطہ کے استحکام کیلئے ایران اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار تعلقات کو بہت اہم قرار دیا۔ اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے جنگ شانگ نے اس اجلاس میں کہا کہ معاہدہ غیریقینی کی صورت حال سے دوچار دنیا کیلئے ایک خوشی کی خبر ہے اس سے خطہ کے امن، استحکام، یکجہتی اور باہمی تعاون کے منظرنامے میں مثبت اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدہ سے یمن میں صورت حال کو بہتری کی طرف لانے میں مدد ملے گی۔ سیکوریٹی کونسل کے اجلاس میں ہینس گرنڈبرگ نے ثالثی کیلئے سعودی عرب اور عمان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یمن کی جماعتوں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے جو ان کو خطہ میں ہونے والے اس سفارتی اقدام کی صورت میں ان کو ملا ہے۔ وہ پرامن مستقبل کیلئے فیصلہ کن اقدامات کریں۔ واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے پچھلے ہفتہ بیجنگ میں سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا تھا جو 2016 کے بعد سے معطل تھے۔