واشنگٹن ۔ 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ آئندہ ہفتہ اپنے اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے دوران شام میں دولت اسلامیہ کے خلاف لڑائی کے موجودہ موقف کے بارے میں بھی اہم اعلان کریں گے۔ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے یہ بات بتائی۔ ٹرمپ 5 فروری کوکانگریس کے مشترکہ سیشن کے دوران اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کریں گے۔ فاکس نیوز سے ایک انٹرویو کے دوران مائیک پومیپو نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ٹرمپ دولت اسلامیہ کو مکمل شکست سے دوچار کرنے گلوبل کولیشن کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی بھی میزبانی کریں گے اور ان سے اس موضوع پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اپنی بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے دولت اسلامیہ کی بربریت کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ قیدیوں کوں پنجرے میں رکھا جارہا ہے، ساحل سمندر پر لوگوں کو گھٹنوں کے بل کھڑے رہنے پر مجبور کیا جارہا ہے، ان کے سر قلم کئے جارہے ہیں جو یقینا ایک المیہ ہے لہٰذا آئندہ ہفتہ 6 فروری کو صدر موصوف ’’گلوبل کولیشن ٹوڈ فیٹ دی آئی ایس آئی ایس‘‘ کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کرتے ہوئے اس موضوع پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو ہر ممکنہ خطرے سے بچانے کیلئے ٹرمپ ہر ممکنہ اقدامات کریں گے۔