ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی چناؤ پر غور، 99 روزہ پروگرام پر عمل آوری
حیدرآباد ۔22۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ کابینہ کا اجلاس 23 اپریل کو سکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر صدارت اجلاس میں گورنر کوٹہ کے تحت ایم ایل سی نشستوں کی گورنر کی جانب سے عدم منظوری کے پس منظر میں وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین کی کابینہ میں برقراری کا جائزہ لیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ گورنر شیو پرتاپ شکلا نے حکومت کے سفارش کردہ ناموں کے بارے میں فیصلہ کیلئے سپریم کورٹ سے مہلت مانگی ہے۔ ریونت ریڈی نے حال ہی میں گورنر سے ملاقات کرتے ہوئے محمد اظہرالدین اور پروفیسر کودنڈا رام کے ناموں کو منظوری دینے کی درخواست کی تھی۔ باوثوق ذرائع کے مطابق جاریہ ماہ کے اختتام تک گورنر کی جانب سے ناموں کی منظوری کا کوئی امکان نہیں ہے اور دوسری طرف 30 اپریل کو محمد اظہرالدین کی وزارت کے 6 ماہ مکمل ہوجائیں گے۔ اسمبلی اور کونسل کی رکنیت کے بغیر 6 ماہ تک کابینہ میں برقرار رکھنے کی دستوری گنجائش 30 اپریل کو ختم ہوجائے گی۔ ذرائع کے مطابق گورنر کے موقف اور سپریم کورٹ میں زیر دوران مقدمہ کے تناظر میں ریاستی کابینہ اظہرالدین کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ اظہرالدین وزارت سے استعفیٰ دیں گے اور انہیں دوبارہ وزیر کا حلف دلایا جاسکتا ہے۔ موجودہ حالات میں حکومت کے پاس یہ واحد راستہ ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ گورنر نے چیف منسٹر سے خواہش کی کہ وہ ناموں کی دوبارہ سفارش کریں۔ کابینہ کے اجلاس میں دونوں ناموں کی منظوری کے ساتھ گورنر کو دوبارہ سفارش روانہ کی جاسکتی ہے۔ اجلاس میں 99 روزہ پرجا پالنا پروگرام پر عمل آوری کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات کے بارے میں بھی فیصلہ کیا جائے گا۔ گرام پنچایت اور میونسپلٹیز میں چیرپرسن کے انتخابات مکمل کرلیئے گئے اور کانگریس پارٹی ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی نشستوں پر بہتر مظاہرہ کی امید کر رہی ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں حکومت کی بعض نئی اسکیمات کو منظوری دی جائے گی۔1/k