آبنائے ہرمز کا بحران ختم کرنا چین کےمفاد میں ہے: امریکی وزیر خارجہ

   

واشنگٹن ۔ 14 مئی (ایجنسیز) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے چین پر زور دیا ہے کہ وہ ایران کو خلیج میں اپنے رویے سے پیچھے ہٹنے پر قائل کرنے کیلئے زیادہ فعال کردار ادا کرے، انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آبنائے ہرمز کے بحران کا حل براہ راست بیجنگ کے اقتصادی اور تزویراتی مفادات میں ہے۔ فاکس نیوز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مارکو روبیو نے کہا کہ چین کے متعدد جہاز خلیج میں پھنسے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گذشتہ دنوں ایک چینی مال بردار جہاز پر حملہ بھی کیا گیا تھا، ان کے مطابق موجودہ کشیدگی ایشیا میں تجارت اور توانائی کے استحکام کیلئے براہ راست خطرہ بن چکی ہے۔امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ یہ عدم استحکام کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے اور یہ خطہ ایشیا کو کسی بھی دوسرے خطے سے زیادہ غیر مستحکم کرنے کی دھمکی دے رہا ہے کیونکہ ایشیا توانائی کے شعبے میں اس آبنائے پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے۔ مارکو روبیو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ واشنگٹن کو امید ہے کہ وہ چین کو اس بات پر قائل کر لے گا کہ وہ ایران کو خلیج میں موجودہ سرگرمیوں سے باز رکھنے کیلئے زیادہ فعال طریقے سے متحرک ہو۔