آسٹریلیا چھٹویں مرتبہ ورلڈ کپ کرکٹ چمپئن

,

   

فائنل میں ہندوستان کو 6 وکٹ سے شکست ، شائقین ہند میں مایوسی ، ٹریوس ہیڈ مین آف دی میچ

احمد آباد: آسٹریلیا نے آئی سی سی ونڈے ورلڈکپ کے فائنل میں ٹورنمنٹ کی ناقابل شکست اور میزبان ٹیم انڈیا کو 6 وکٹوں سے ہرا کر چھٹی بار کرکٹ کا عالمی چمپئن بن گیا۔ گجرات کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں آسٹریلوی بیٹر ٹریوس ہیڈ اور لبوشین نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈکپ جیتنے کے ہندوستان کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنزنے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان کی پوری ٹیم 50 اوورز میں 240رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔آسٹریلیا نے جیت کیلئے 241 رنز کا نشانہ ٹریوس ہیڈ اور لبوشین کی بہترین بیٹنگ کی بدولت 43 اوورز میں حاصل کرلیا ۔ ٹریوس ہیڈ نے 120 گیندوں پر شاندار 137 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ لبوشین نے 58 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے۔ ٹریوس ہیڈ کو شاندار بیاٹنگ اور ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے پر میان آف دی میاچ کا اعزاز دیا گیا ۔ آسٹریلیا نے چھٹی بار آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ اس سے پہلے آسٹریلیا نے 1987، 1999، 2003، 2007، 2015 اور اب 2023 میں ورلڈکپ ٹرافی اٹھائی ہے۔احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ایک لاکھ 32 ہزار تماشائیوں کی گنجائش ہے جہاں فائنل میاچ دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم میں ہندوستانی مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی جن میں کئی مشہور شخصیات بھی شامل تھے۔واضح رہے کہ فائنل سے پہلے ہندوستان پورے ٹورنمنٹ میں ناقابل شکست رہا۔ گروپ مرحلہ کے 9 میچز اور پھر سیمی فائنل میں ٹیم انڈیانے نیوزی لینڈکے خلاف کامیابی حاصل کی تھی۔ موجودہ ورلڈ کپ کیلئے آئی سی سی نے مجموعی طور پر ایک کروڑ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا۔فائنل جیتنے والی ٹیم کیلئے 40 لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا جبکہ فائنل ہارنے والی ٹیم کو 20 لاکھ ڈالرز ملیں گے۔