70 کروڑ خواتین ‘ ان کے خواب اور خواہشات ملک کی اصل طاقت

,

   

خواتین کا رول صرف بیٹی ‘ بہن ‘ بیوی یا ماں تک محدود نہیں ۔ پونے میںچھاتروں کی گونج پروگرام ۔ راہول گاندھی کا طالبات سے خطاب

پونے 22 اگسٹ ( ایجنسیز ) کانگریس قائد راہول گاندھی نے خواتین کو ملک کی ایک اصل اور بڑی طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی جو 70 کروڑ خواتین ہیں وہی جو خواب دیکھتی ہیں ‘ان کی جو مثالی تصورات ہیں ‘ جو خواتین ہندوستان میں رہتی ہیں وہی ہندوستان کی اصل طاقت ہے ۔ قائد اپوزیشن راہول گاندھی مہاراشٹرا کے شہر پونے میںچھاتروں کی گونج پروگرام کے تحت طالبات سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس پروگرام میں طالبات و خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ فطرتا خواتین بہت زیادہ حساس ہوتی ہیں ‘ بہت نرم دل ہوتی ہیں اور بہت ہمدرد ہوتی ہیں ۔ وہ در اصل مردوں سے زیادہ دور اندیش بھی ہوتی ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ آج طالبات سے ملاقات پروگرام کا اصل مقصد پنجرے کو توڑنا اور خواتین کو ترقی کے مواقع فراہم کرنے کی سمت پہل کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ہر خاتون اپنے آپ میں ایک مثال ہے اور خواتین اسپیشل ہیں اور ایک شخصیت رکھتی ہیں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ جب کبھی وہ مردوں سے بات کرتے ہیں تو خواتین کو تین زمروں میں ہی رکھا جاتا ہے ۔ بیٹی ‘ بیوی اور ماں کے ذریعہ ہی ان کی شناخت کی جاتی ہے ۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ان تینوں ہی زمروں میں کوئی قباحت نہیں ہے لیکن خواتین کی محض اتنی ہی شناخت نہیںہے ۔ انہوں نے کہا کہ خواتین پروفیشنل ہیں ‘ اسپورٹس میں حصہ لیتی ہیں ‘ لیڈرشپ کرتی ہیں ‘ اختراعی سرگرمیوں میں آگے ہیں ‘ خاتون تاجرین ہیں ۔ اس کے علاوہ بھی خواتین بہت کچھ کرتی ہیں۔ اس کے باوجود ان کی شناخت کو ایک مرد کے ساتھ تعلقات کے ذریعہ ہی پیش کیا جاتا ہے ۔ راہول گاندھی نے دعوی کیا کہ منوسمرتی میں یہ کہا گیا ہے کہ خواتین کو کسی بھی قیمت پر آزاد نہیں ہونا چاہئے ۔ تاہم وہ مانتے ہیں کہ اس ملک کی سب سے بڑی طاقت یہی ہے کہ ہماری خواتین آماد رہیں۔ ہماری خواتین اپنے لئے اٹھ کھڑے ہوں اور ہماری خواتین اپنے آپ میں یقین کریں۔ راہول گاندھی نے کہا کہ خواتین کے اپنے والد ‘ بھائی ‘ شوہر اور بیٹے سے رشتہ ضرور ہوسکتا ہے تاہم خواتین کی اپنی ایک شخصیت اور ہستی ہوتی ہے اور اصل خواتین خود میں یقین رکھنے والی ہوتی ہیں۔