آندھرا پردیش/باپٹلا:27؍مئی(ایجنسیز)آندھرا پردیس کے ایک خاندان پر ایسی قیامت ٹوٹی کہ گاؤں کی فضا بھی ماتم میں ڈوب گئی۔ ضلع باپٹلا کے ناگولاپلیم، پارچور منڈل میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک ہی دن میں باپ اور بیٹے نے زندگی کو الوداع کہہ دیا۔35 سالہ منیکنٹھا کل رات شدید بیماری کے باعث چل بسے۔ ان کے والد، 55 سالہ ہری بابو نے جب بیٹے کی موت کی خبر سنی تو صدمے کو برداشت نہ کر سکے اور کچھ ہی دیر بعد دل کا دورہ پڑنے سے ان کا بھی انتقال ہو گیا۔رشتہ داروں اور اہل محلہ نے بتایا کہ ہری بابو، جو خود گھر پر ہی اپنے بیٹے کا علاج کروا رہے تھے، بیٹے کی موت کے صدمے سے اتنے نڈھال ہوئے کہ چند گھنٹوں کے اندر ان کی سانسیں بھی تھم گئیں۔ باپ اور بیٹے کی ارتھی ایک ساتھ اٹھائی گئی تو پورے گاؤں میں کہرام مچ گیا۔ اہل خانہ کے خواتین کی چیخ و پکار اور گاؤں والوں کے آنسو اس غم کو بیان کرنے کے لیے کافی نہ تھے۔گاؤں کے بزرگوں کا کہنا ہے کہ ایسا المیہ انہوں نے پہلے کبھی نہ دیکھا اور وہ دعائیں کرتے ہیں کہ کسی دشمن پر بھی ایسا وقت نہ آئے۔