آٹو ڈرائیورس سے کئے گئے وعدوں کو پورا کیا جائے

   

نظام آباد میں ٹریڈ یونین کا ریاست گیر احتجاج کا انتباہ ۔ ضلعی قائدین کا خطاب

نظام آباد۔15 اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) حکومت کی جانب سے آٹو مزدوروں سے کئے گئے وعدوں پر فوری عمل کیا جائے بصورت دیگر ریاست گیر احتجاج کیا جائے گا۔ یونائیٹڈ ٹریڈ یونین کانگریس (یو ٹی یو سی) نے یہ انتباہ دیا۔ ضلع نظام آباد کے نامدیواڑہ میں واقع آر ایس پی پارٹی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یو ٹی یو سی ضلع قائد راملو نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے نافذ کردہ مہالکشمی اسکیم آٹو مزدوروں کی زندگیوں پر منفی اثر ڈال رہی ہے جس پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران ریونت ریڈی نے آٹو مزدوروں کو سالانہ 12 ہزار روپئے دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن اقتدار میں آنے کے بعد اس پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی جو افسوسناک ہے۔ ریاست بھر میں آٹو مزدور کم آمدنی کے باعث اپنے خاندان کی کفالت سے قاصر ہیں اور شدید مالی مشکلات کا شکار ہوکر قرضوں میں ڈوبتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ان حالات کے لیے حکومت کی عدم توجہی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ راملو نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہناتے ہوئے آٹو مزدوروں کو سالانہ 12 ہزار روپئے کے حساب سے تین سال کے لیے 36 ہزار روپئے کی مالی امداد فراہم کرے۔ اس کے علاوہ جن مستحق آٹو ڈرائیوروں کے پاس اراضی نہیں ہے انہیں مکانات کے لیے پلاٹس فراہم کیے جائیں اور اندرامّا اسکیم کے تحت 5 لاکھ روپئے کی لاگت سے مکانات تعمیر کیے جائیں، نیز زیر تعمیر ڈبل بیڈ روم مکانات میں آٹو ڈرائیوروں کے لیے خصوصی کوٹہ مقرر کیا جائے۔انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ آٹو ڈرائیوروں کے لیے شاپنگ مالس اور اہم چوراہوں پر باقاعدہ آٹو اسٹینڈس قائم کیے جائیں اور ایک خصوصی کارپوریشن تشکیل دے کر فلاحی اسکیمات نافذ کی جائیں۔ آٹو مزدوروں کے لیے انشورنس اور فٹنس اخراجات حکومت برداشت کرے اور حادثات میں زخمی یا جاں بحق ہونے والے مزدوروں کے اہل خانہ کو مناسب ایکس گریشیا فراہم کیا جائے۔ یو ٹی یو سی قائدین نے انتباہ دیا کہ اگر ان مطالبات پر فوری عمل نہ کیا گیا تو ریاست بھر میں احتجاجی تحریک شروع کی جائے گی۔ اس موقع پر سید رفیع الدین، ونود گوڑ، سید عرفان اور دیگر بھی موجود تھے۔