نئی دہلی، 27 نومبر (یواین آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ آیوروید کالجوں کو مستند اور مؤثر آیوروید کے ذریعے سماج کی خدمت کرنی چاہیے ۔ انہیں ایسی تعلیم فراہم کرنی چاہیے جس سے موجودہ اور آنے والی نسلوں کو درپیش صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے کے اہل ماہرین تیار ہو سکیں۔ صدر جمہوریہ نے جمعہ کو کیرالہ کے تریشور میں ویدیہ رتنم آیوروید کالج کی گولڈن جوبلی تقریبات کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آیوروید کے شعبے میں کیرالہ کا تعاون صرف اسے بین الاقوامی شناخت دلانے تک محدود نہیں ہے ، بلکہ ریاست نے آیوروید کی روایتی تعلیم اور طبی علم کی مالا مال روایت کو بھی محفوظ رکھا ہے۔ ویدیہ خاندانوں سے نسل در نسل منتقل ہونے والا طبی علم اور مستند آیورویدک ادویات تیار کرنے کی روایت آج بھی جاری ہے ۔ محترمہ مرمو نے کہا کہ آیوروید کا مستند لٹریچر صرف سنسکرت تک محدود نہیں رہا ہے ۔ کیرالہ میں ملیالم اور منی پروالَم زبانوں میں بھی اس موضوع پر اصل تصانیف اور شرحیں لکھی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آیوروید کالجوں کو متعلقہ تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ایسے ماہرین بھی تیار کرنے چاہئیں جو مستقبل میں صحت سے متعلق چیلنجوں کا مؤثر انداز میں سامنا کر سکیں۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ ویدیہ رتنم آیوروید کالج کا طریقہ کار اسی سوچ کے مطابق ہے ۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ ویدیہ رتنم آیوروید کالج جیسے ادارے 2047 تک صحت مند اور ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے میں اپنا تعاون دے رہے ہیں۔ انہوں نے کیرالہ کی آیوروید روایت میں طبی پیشے کے ساتھ خدمت خلق کے جذبے کو بھی خاص اہمیت کا حامل قرار دیا۔ صدر جمہوریہ نے طلبہ سے کہا کہ پیشہ ورانہ زندگی میں قدم رکھتے وقت وہ روایتی علم پر مبنی کاروبار اور ضرورت مندوں کی خدمت کو ساتھ لے کر چلیں۔