آیوش نے اسلام کا انتخاب مرضی سے کیا : الہ آباد ہائیکورٹ

,

   

الہ آباد ۔ 16 ستمبر (ایجنسیز) الہ آباد ہائیکورٹ نے شاملی پولیس کو ہدایت دی ہیکہ 31 سالہ آیوش ملک کی نجی زندگی میں مداخلت نہ کرے جبکہ آیوش نے عدالت کو بتایا کہ اس نے اپنی آزادانہ مرضی سے اسلام قبول کیا اور وہ اپنی بیوی چاندنی قریشی کے ساتھ زندگی گزارنا چاہتا ہے۔ آیوش کو آج عدالت کے روبرو پیش کیا گیا کیونکہ ایسے الزامات تھے کہ اسے اس کے تبدیلی مذہب اور مسلم خاتون سے شادی کے پیش نظر غیرقانونی طور پر محروس رکھا گیا ہے۔ سماعت کے دوران آیوش نے عدالت کو بتایا کہ اس نے رضاکارانہ طور پر اور کسی جبر کے بغیر اسلام قبول کیا ہے۔ آیوش کے دوست سلطان عدالت سے رجوع ہوئے تھے جس کے بعد یہ فیصلہ سامنے آیا۔ 9 ستمبر کو جسٹس سندیپ جین نے اترپردیش حکام اور آیوش کے والد دیوراج سنگھ ملک کو ہدایت دی تھی کہ آیوش کو عدالت کے روبرو 16 ستمبر کو پیش کیا جائے۔ آج کی سماعت میں ہائیکورٹ نے پولیس کو ہدایت دی کہ آیوش اور اس کی بیوی کی زندگی اور ان کی شخصی آزادی میں مداخلت نہ کی جائے۔