متفقہ انتخاب یقینی ، چیف منسٹر اور وزراء کی شرکت، جناب عامر علی خاں نے امیدواری کی تائید کی
حیدرآباد ۔19۔ اگست (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان اور ممتاز قانون داں ابھیشک منو سنگھوی نے آج تلنگانہ میں راجیہ سبھا کی نشست کے ضمنی چناؤ کیلئے کانگریس امیدوار کے طور پر پرچہ نامزدگی داخل کیا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا ، ریاستی وزراء اتم کمار ریڈی ، سریدھر بابو ، پی سرینواس ریڈی ، ٹی ناگیشور راؤ ، اے آئی سی سی جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی و کونسل کی موجودگی میں ابھیشک منو سنگھوی نے ریٹرننگ آفیسر کو پرچہ نامزدگی حوالے کیا۔ رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں نے ابھیشک منو سنگھوی کی امیدواری کی تائید کرتے ہوئے پرچہ نامزدگی پر دستخط کئے اور اسے ریٹرننگ آفیسر کو پیش کیا۔ راجیہ سبھا کی واحد نشست پر ابھیشک منو سنگھوی کی متفقہ طور پر کامیابی یقینی ہے کیونکہ بی آر ایس کی جانب سے کوئی امیدوار کھڑا نہیں کیا گیا ۔ ملک کی 9 ریاستوں میں راجیہ سبھا کی 12 نشستوں کے لئے الیکشن کمیشن نے 3 ستمبر کو ضمنی چناؤ کا اعلان کیا ہے۔ حالیہ لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے بعض ارکان راجیہ سبھا نے اپنی نشستوں سے استعفیٰ دیا جس کے سبب ضمنی چناؤ منعقد ہورہا ہے۔ لوک سبھا کیلئے منتخب ہونے والے قائدین میں کے سی وینو گوپال ، پیوش گوئل ، جیوترادتیہ سندھیا ، ویویک راٹھوڑ ، میسا بھارتی ، دیپیندر سنگھ ہوڈا اور دوسرے شامل ہیں۔ تلنگانہ میں ڈاکٹر کیشو راؤ کے استعفیٰ کے باعث یہ نشست خالی ہوئی ہے۔ بی آر ایس سے استعفیٰ اور کانگریس میں شمولیت کے بعد کیشو راؤ نے 5 جولائی کو راجیہ سبھی کی رکنیت سے استعفیٰ دیا تھا اور ان کی میعاد 9 اپریل 2026 تک تھی۔ ابھیشک منو سنگھوی منتخب ہونے کے بعد 9 اپریل 2026 تک راجیہ سبھا کے رکن رہیں گے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کا آخری دن 21 است ہے جبکہ 22 اگست کو پرچہ جات کی جانچ ہوگی اور 27 اگست تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔ کانگریس سے واحد امیدوار کے سبب ریٹرننگ آفیسر متفقہ انتخاب کا اعلان کردیں گے ۔ واضح رہے کہ ابھیشک منو سنگھوی نے اے آئی سی سی میں کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دی ہیں۔ وہ 2001 سے اے آئی سی سی ترجمان کے عہدہ پر فائز ہیں۔ 2006 اور 2018 میں دو مرتبہ وہ راجیہ سبھا کیلئے نامزد کئے گئے۔ جاریہ سال مارچ میں کانگریس نے ہماچل پردیش سے انہیں امیدوار بنایا تھا لیکن انہیں شکست ہوئی۔ کانگریس نے ابھیشک منو سنگھوی کو تلنگانہ سے راجیہ سبھا کیلئے نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 1