انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ ترکیہ میں زلزلے سے اموات کی تعداد 9ہزار 57ہوگئی ہے، اتنی بڑی آفت کیلئے ایک دم سے تیار ہونا ممکن نہیں ہوتا۔زلزلہ متاثرہ صوبے حاطے میں پہنچنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکیہ کے جنوبی اور شام کے شمال مغربے علاقے میں آنے والے زلزلے سے 11ہزار سے زائد لوگ جاں بحق ہوئے ہیں۔ترک صدر کا کہنا تھا کہ حاطے صوبے میں 18ممالک کی امدادی ٹیمیں مصروف عمل ہیں، متاثرہ علاقوں میں ملبہ ہٹانے اور گھروں کی دوبارہ تعمیر میں تیزی لائیں گے۔ترکیہ کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے حکومتی کوششوں پر ہونے والی تنقید کی مذمت کرتے ہوئے صدر اردغان نے کہا کہ ایسے نازک موقع پر لوگوں کو اپنے سیاسی مفادات کیلئے منفی مہم چلانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، یہ متاثرین سے اتحاد اور یکجہتی دکھانے کا وقت ہے۔