اخلاق و کردار کے ذریعہ ابنائے وطن کو اسلامی تعلیمات سے واقف کروائیں

   

غلط فہمیوں کو دور کرنے کی ضرورت ، نماز عید الفطر کے موقع پر خطباء و آئمہ کا خطاب
حیدرآباد۔ یکم۔اپریل (سیاست نیوز) عامۃ المسلمین محبت و اخوت کے ذریعہ دیگر ابنائے وطن سے تعلقات کو ہمکنار کریں اور اپنے اخلاق و کردارکے ذریعہ انہیں اسلام کی حقانیت اور تعلیمات سے عملی طور پر واقف کروانے کے اقدامات کریں۔ ہندستان میں موجود ہ حالات کے دوران عامۃ المسلمین کو بہترین داعی کا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ دین اسلام کے اس اہم فریضہ کے ذریعہ ابنائے وطن میں پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کیا جاسکے۔عید الفطر کے موقع پر صلواۃ عید الفطر سے قبل خطباء و آئمہ حضرات نے مختلف عیدگاہوں میں کئے گئے خطاب کے دوران یہ بات کہی ۔ علمائے اکرام و خطیب حضرات نے اپنے خطابات کے دوران امت مسلمہ کو دین اسلام کا عملی نمونہ بننے اور دینی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے عملی داعی کا کردار پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ہندستان کے موجودہ حالات دین اسلام کی تعلیمات کو عام کرنے کیلئے بہترین موقع ہیں اور اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے مظلوموں کی حمایت میں کھڑے ہونے اور ظالم کی سرکشی کا مقابلہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں شہروں کی عید گاہوں اور سرکردہ مساجد میں نماز عید سے قبل ہونے والے خطابات کے دوران وقف ترمیمی بل کی منظوری کی صورت میں ہونے والے نقصانات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس بل کے ذریعہ حکومت مسلمانوں کے اثاثوں اور مسلم تنظیموں کے اثاثہ جات کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔شہر حیدرآباد میں عید الفطر کے موقع پر سب سے بڑا اجتماع عید گاہ میر عالم پر دیکھا گیا جہاں لاکھوں مسلمانوں نے نماز عید الفطر ادا کی ۔ عید گاہ میر عالم پر نماز عید الفطر سے قبل شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ مولانا ڈاکٹر محمد سیف اللہ اور مولانا محمد حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ ناظم جامعہ اسلامیہ دارالعلوم حیدرآباد کے خصوصی خطاب ہوئے ۔ ان خطابات کے دوران علمائے اکرام نے معاشرہ میں پھیلنے والی برائیوں کے خاتمہ اور عائلی تنازعات کو شریعت کے مطابق حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کی بیشتر تمام عیدگاہوں کے علاوہ سرکردہ مساجد میں نماز عید الفطر کا خشوع و خضوع کے ساتھ اہتمام کیاگیا اور تلنگانہ کے تمام اضلاع میں عید کے موقع پر خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔عید گاہ میر عالم میں خطیب و امام مکہ مسجد مولانا محمد رضوان قریشی کی امات میں نماز عید ادا کی گئی جبکہ عید گاہ قدیم مادننا پیٹ میں قاری سید محمود یوسف مدنی کی امات میں نماز عید الفطر ادا کی گئی ۔ شاہی مسجد باغ عامہ میں نماز عید کے موقع پر خصوصی انتظامات کئے گئے تھے اور بڑی تعداد میں مصلیان اکرام نے نماز عید ادا کی ۔خطیب و امام شاہی مسجد مولانا احسن بن عبدالرحمن الحمومی نے نماز عید الفطر سے قبل فضائل عید بیان کئے اور نماز عید الفطر کی امامت کی۔عید گاہ صنعت نگر میں مولانا ڈاکٹر سراج الرحمن فاروقی نے فضائل عید بیان کئے اور نماز عید الفطر کی امامت کی۔عیدگاہ گنبدان قطب شاہی قلعہ گولکنڈہ میں مولانا ڈاکٹر متین علی شاہ قادری کی امامت میں نماز عید ادا کی گئی۔ قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں مولانا عبدالرحیم خرم جامعی نے فضائل عید بیان کئے اور نماز عید الفطر کی امامت کی۔مسجد مولوی زماں خان شہید ؒ روپ لعل بازار میں مولانا سید شاہ احمد علی تاجی شرفی نے نماز عید کی امامت کی ۔دونوں شہروں کی مختلف مساجد و عیدگاہوں میں نماز عید الفطر سے قبل فضائل عید بیان کئے گئے ۔3