اسرائیل۔سعودی عرب سفارتی تعلقات کیلئے پرعزم ہیں: امریکہ

   

واشنگٹن : امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا ہے کہ امریکہ، اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات کے آغاز کیلئے پْرعزم ہے۔ امریکی اسرائیلی پبلک افیئرز کمیٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کی بحالی میں واشنگٹن کی قومی سلامتی کا مفاد بھی جڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہم یہ کرسکتے ہیں اور ہمیں ضرور یہ کرنا چاہیے، اس بحالی کے عمل میں پیشرفت کیلئے لازم کردار ادا کرنا چاہیے۔ بلنکن رواں ہفتہ سعودی عرب کا دورہ کریں گے، انہوں نے تسلیم کیا کہ ابھی سعودی عرب اور اسرائیل کا کوئی معاہدہ نہیں ہوگا لیکن ہم کوشش جاری رکھیں گے۔ اس ہفتہ جدہ اور ریاض کا دورہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ رواں برس اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اسرائیل سعودی عرب کے ساتھ باضابطہ تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے کیونکہ یہ عرب اسرائیلی تنازعہ ختم کرنے کی طرف ایک بڑا قدم ہوگا۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ہم عرب امن معاہدہ کے مطابق چلیں گے جس میں اسرائیل کے ساتھ تعلقات کی بحالی عرب علاقوں سے اسرائیلی فوج کی واپسی اور ایک فلسطینی ریاست کے قیام سے مشروط ہے۔