حیدرآباد17جنوری(یواین آئی)آندھراپردیش کے تروپتی ضلع میں واقع ہندوستانی خلائی جانچ ادارہ(اسرو) میں چند گھنٹوں کے اندر جوان اور سب انسپکٹر کی خودکشی کرلی۔ چنتامنی نامی ایک جوان نے راڈار سنٹر میں درخت سے لٹک کر خودکشی کرلی۔ ریاست چھتیس گڑھ سے تعلق رکھنے والے چنتامنی کو سنٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورس میں 2021 میں کانسٹیبل کے طور پر منتخب کیا گیا تھا اور اس نے سری ہری کوٹہ کے یونٹ میں شمولیت اختیار کی تھی۔ وہ کئی ماہ کی طویل رخصت کے بعد اس ماہ کی 10 تاریخ کو ڈیوٹی پر رجوع ہوا تھا۔ اس مہینے کی 15 تاریخ کی رات کو ایمرجنسی سیکورٹی فورس گشت کر رہی تھی اور اسے چنتامنی کی لاش درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔ اس واقعہ کے 24 گھنٹے کے اندر اتر پردیش کے سب انسپکٹر وکاس سنگھ نے ، جو کی پہلے گیٹ پر کنٹرول روم میں سی شفٹ ڈیوٹی پر تھا، نے اپنے پستول سے سر میں گولی مار کر خودکشی کر لی۔ان دونوں واقعات کی وجوہات کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے ۔ پولیس نے تمام زاویوں سے جانچ شروع کر دی ہے ۔ ان کے ارکان خاندان کو اطلاع دیدی گئی ہے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال پہنچایا گیا۔