اسلام کا پیغام پہنچانے انگریزی زبان بھی ضروری ۔ مولانا مجددی

   

نئی دہلی/ جے پور: انگریزی زبان کی اہمیت کا اعتراف اوراسے مدارس اسلامیہ میں رائج کرنے پر زور دیتے ہوئے جامعہ ہدایہ جے پور کے سربراہ اور عبدالرحیم ایجوکیشنل ٹرسٹ کے چیرمین مولانا فضل الرحیم مجددی نے کہا ہے کہ انگریزی زبان کے بغیرہم اسلام کا پیغام دنیا تک نہیں پہنچاسکتے ۔ یہ بات انہوں نے جامعہ ہدایہ میں ایک سالہ انگلش اسپیکنگ کورس کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہاکہ انگریزی آج بین الاقوامی رابطے کی زبان ہے اور دنیاکے ہرشعبہ میں اس زبان کی ضرورت پڑتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ تجارت ہو یا ملازمت، سائنس ہو یا تکنالوجی، عدلیہ یا ہو مقننہ، انتظامیہ ہو یا دیگر شعبہ ہر جگہ انگریزی زبان کی ضرورت پڑتی ہے ۔ اس لئے اس کی اہمیت کے پیش نظر جامعہ ہدایہ میں انگریزی زبان کی تعلیم کے لئے ایک سالہ کورس شروع کی گئی ہے جس میں مدارس کے فارغین کو انگریزی زبان میں مہارت میں پیدا کی جائے گی اور انگریزی بول چال، لکھنے پڑھنے کی اچھی طرح مشق کرائی جائے گی تاکہ وہ دنیا وی شعبہ میں اپنی بات پہنچانے کے ساتھ ساتھ دین کی بات بھی ان طبقوں تک پہنچا سکیں۔