اسمبلی امیدواروں کی رقمی لین دین پر انکم ٹیکس کی خصوصی نظر

   

حیدرآباد ۔3۔نومبر (سیاست نیوز) تلنگانہ میں انتخابی عمل کے آغاز کے ساتھ ہی انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے امیدواروں کے رقمی لین دین اور مالیاتی سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی تیاری کرلی ہے۔ انتخابی مصارف کی نگرانی کیلئے الیکشن کمیشن نے خصوصی مبصرین کا تقرر کیا ہے اور امیدواروں کیلئے لازمی قرار دیا گیا کہ وہ پرچہ نامزدگی کے ادخال سے قبل اپنا نیا بینک اکاؤنٹ کھولنے اور اسی کے ذریعہ انتخابی مصارف کی تکمیل کریں۔ الیکشن کمیشن اور انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی مشترکہ مہم کے نتیجہ میں امید کی جارہی ہے کہ اسمبلی انتخابات میں امیدواروں کیلئے بھاری رقومات خرچ کرنا آسان نہیں رہے گا۔ انکم ٹیکس کے عہدیدار امیدواروںکی جانب سے الیکشن کمیشن کو داخل کئے جانے والے حلفنامہ پر نظر رکھیں گے جس میں اثاثہ جات ، بینک اکاؤنٹ ، افراد خاندان اور کریمنل کیسس کی تفصیلات پیش کی جائیں گی۔ حلفنامہ کی بنیاد پر انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ رقمی معاملات کی نگرانی کرے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ امیدواروں کے حلفناموں کی نقل انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کو حوالے کی جائے گی۔ جس کے تحت بینک اکاؤنٹس میں انتخابات سے عین قبل رقومات کے لین دین کا جائزہ لیا جائے گا ۔ 2018 ء اسمبلی چناؤ میں انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے کئی امیدواروں کے رقمی معاملات میں بے قاعدگیوں کی الیکشن کمیشن سے شکایت کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ 1821 امیدواروں نے 119 اسمبلی حلقہ جات کیلئے مقابلہ کیا تھا جن میں سے 430 دولتمند امیدوار تھے۔ برسر اقتدار بی آر ایس کے 107 امیدوار دولتمند پائے گئے۔