اسمبلی اور کونسل کے جوابات اردو زبان میں بھی فراہم کرنے کی ہدایت

   

سیکوریٹی انتظامات پر خصوصی توجہ، بجٹ اجلاس کی تیاری پر اسپیکر اور صدرنشین کونسل کی عہدیداروں سے مشاورت
حیدرآباد۔یکم؍ فروری، ( سیاست نیوز ) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی اور صدر نشین قانون ساز کونسل جی سکھیندر ریڈی نے 3 فروری سے بجٹ سیشن کے آغاز اور انتظامات کے ضمن میں اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ وزیر امور مقننہ پرشانت ریڈی، گورنمنٹ چیف وہپ ڈی ونئے بھاسکر، کونسل میں وہپ ایم ایس پربھاکر، سکریٹری لیجسلیچر ڈاکٹر وی نرسمہا چاریلو کے علاوہ چیف سکریٹری شانتی کماری، اسپیشل چیف سکریٹری فینانس رام کرشنا راؤ، اسپیشل چیف سکریٹری بلدی نظم و نسق اروند کمار، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار، ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار، پرنسپل سکریٹری ہوم جتیندر، کمشنر پولیس حیدرآباد سی وی آنند، کمشنر پولیس رچہ کنڈہ ڈی ایس چوہان، کمشنر سائبرآباد اسٹیفن رویندرا ، اسمبلی کے چیف مارشل کروناکر اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ پوچارم سرینواس ریڈی نے کہا کہ 3 فروری سے اسمبلی اور کونسل کے بجٹ اجلاس کا آغاز ہوگا۔ گذشتہ سرمائی اجلاس میں بہتر انتظامات پر عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ اسمبلی کا اجلاس ملک بھر کیلئے مثالی ہے۔ ایوان میں قواعد کی پابندی اور ڈسپلن کے نتیجہ میں ہر مسئلہ پر مباحث کی گنجائش موجود ہوتی ہے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ گذشتہ اجلاس کی طرح بجٹ اجلاس کے لئے بھی موثر انتظامات کریں۔ ارکان اسمبلی کی جانب سے طلب کردہ معلومات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ اسمبلی کے زیر التواء سوالات کے جوابات انگلش، تلگو اور اردو زبانوں میں فراہم کئے جائیں۔ اسمبلی اور کونسل کے مواد کو تینوں زبانوں میں فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر محکمہ سے ایک سینئر عہدیدار اسمبلی اجلاس کے دوران ایوان میں موجود رہے۔ ہر محکمہ کی جانب سے ایک نوڈل آفیسر مقرر کیا جائے۔ انہوں نے اسمبلی کے حدود اور اطراف و اکناف سیکوریٹی کے موثر انتظامات کی ہدایت دی۔ صدرنشین کونسل سکھیندر ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت عوام کی فلاحی اسکیمات پر عمل کررہی ہے۔ عوامی نمائندے اور عہدیدار بہتر کارکردگی کے ذریعہ اسکیمات کو کامیاب بناسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نہ صرف ایوان کے حدود بلکہ باہری علاقوں میں بھی پُرامن ماحول کو یقینی بنایا جائے۔ صرف پاس ہولڈرس کو داخلہ کی اجازت ہونی چاہیئے۔ر