اسٹاف نرسیس کی 6956 جائیدادوں پر تقررات کیلئے فائنل لسٹ جاری

   

7094 جائیدادوں پر تقررات کا عمل ۔اہل امیدوارو ں کے عدم دستیابی سے 138 جائیدادیں مخلوعہ
حیدرآباد ۔ 29 جنوری ( سیاست نیوز) ریاست میں اسٹاف نرسیس جائیدادوں کے قطعی نتائج جاری کردیئے گئے ہیں ۔ میڈیکل ہیلت سروسیس رکروٹمنٹ بورڈ سکریٹری گوپی کانت ریڈی نے فائنل میرٹ لسٹ و سلکشن فہرست بھی جاری کردی ۔ محکمہ صحت کے مختلف شعبوں میں 7094 اسٹاف نرسیس جائیدادوں کیلئے 6956 امیدوار منتخب کئے گئے ہیں۔ مختلف زمروں میں اہل امیدوار کی عدم دستیابی سے مزید 138 جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔ محکمہ صحت سے منتخب امیدواروں کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ہاتھوں تقررنامہ حوالے کرنے تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ کانگریس حکومت کی تشکیل کے بعد ملازمتو ں کی فراہمی کا پہلا موقع ہونے ہے اس کو بڑے پروگرام کے طور پر منعقد کیا جارہا ہے ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ 31 جنوری کو یہ پروگرام ہوگا، تاہم چیف منسٹر کی مصروفیات پر پروگرام ملتوی بھی ہوسکتا ہے ۔ منتخب امیدواروں کو چند دن کونسلنگ کے بعد پوسٹنگ دی جائے گی ۔ واضح رہے کہ 30 ڈسمبر 2022 کو 5204 اسٹاف نرسیس کے تقررات کیلئے میڈیکل بورڈ نے اعلامیہ جاری کیا تھا ۔ گزشتہ سال 2اگست کو تحریری امتحان ہوا تھا ۔ جملہ 40 ہزار 936 امیدوار تھے ۔ امتحان میں 38,674 امیدوار شریک ہوئے تھے ۔ کمپیوٹر بیسڈ ٹسٹ تین شفٹوں میں ہوا ۔ حکومت کی تبدیلی کے بعد کانگریس حکومت نے 15 ڈسمبر کو مزید 1890 جائیدادوں پر تقررات کو منظوری دی جس سے جملہ تعداد بڑھ کر 7094 ہوگئی ۔ ایک ڈی ایم ای ۔ ڈی ایچ کے حدود میں 5650 جائیدادیں ہیں۔ ویدیا ودھنا پریشد حدود میں 757 ، ایم این جے کینسر ہاسپٹل ، اقامتی اسکولس میں باقی جائیدادیں ہیں ۔ بڑی تعداد میں نرسیس کی دستیابی پر میڈیکل کالجس ، ضلع ، ایریا ہاسپٹلس و پرائمری ہیلت سنٹرس میں عملہ کی قلت گھٹ جائیگی ۔ معیاری طبی خدمات عوام کو فراہم ہوگی ۔ 2