نیویارک،24 مئی (یو این آئی) اسپیس ایکس انسانی تاریخ کا سب سے بڑا اور طاقتور ترین راکٹ زمین کے مدار کے گرد کامیاب آزمائشی پرواز کے بعد واپس اترتے ہوئے بہت بڑے آگ کے گولے میں تبدیل ہوگیا۔ 22 مئی کی شب ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس نے اسٹار شپ کی 12 ویں آزمائشی پرواز کا تجربہ کیا اور راکٹ کو کامیابی سے لانچ کیا۔ مگر جب یہ راکٹ واپس لینڈ کر رہا تھا تو بحر ہند میں اترنے سے قبل دھماکے سے وہ آگ کے گولے میں تبدیل ہوگیا۔ اس راکٹ کو 22 مئی کی شب امریکی ریاست ٹیکساس میں واقع اسٹار بیس سے لانچ کیا گیا تھا۔ کمپنی کی جانب سے راکٹ اور اس میں موجود اسپیس کیپسول کی آزمائش کی جا رہی تھی کیونکہ اسٹار شپ کے تیسرے ورژن کو ناسا کی جانب سے خلا بازوں کو چاند پر پہنچانے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ خلائی پرواز کا تجربہ تو کامیاب رہا مگر مکمل طور پر کامیاب نہیں تھا کیونکہ 6میں سے ایک انجن نے کام کرنا بند کردیا، جس کے باعث باقی 5 انجنوں کو زیادہ ایندھن جلانا پڑا۔ اس کے باوجود راکٹ نے اپنا مشن مکمل کیا اور زمین کے مدار میں کامیابی سے دوبارہ داخل ہوا اور لینڈنگ کے عمل کو بھی مکمل کیا، مگر سمندر میں اترنے سے قبل دھماکے سے تباہ ہوگیا۔ کمپنی کی جانب سے اسٹار شپ کے تیسرے ورژن کی آزمائش کی گئی تھی جس میں ماضی کی آزمائشی پروازوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کافی تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ اسپیس ایکس اسٹار شپ کے اس نئے ورژن کو انسانوں اور سامان کو مریخ پر بھیجنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے اور اسے مدار میں ری فیول کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ وہ مریخ کا طویل سفر طے کرسکے ۔ اسٹار شپ کی مسلسل ناکامیاں ایلون مسک کی کمپنی کیلئے بڑا دھکا ہے جو خلائی پروگرام کو تیز کرنا چاہتی ہے ۔ واضح رہے کہ اسٹار شپ کو دنیا کا سب سے طاقتور راکٹ لانچ قرار دیا جاتا ہے جو 2 حصوں پر مشتمل ہے جس میں سے ایک سوپر ہیوی بوسٹر ہے ، جو ایسا بڑا راکٹ ہے جس میں 33انجن موجود ہیں جبکہ دوسرا اسٹار شپ اسپیس کرافٹ ہے جو بوسٹر کے اوپر موجود ہے جو اس سے الگ ہو جاتا ہے۔ یہ راکٹ 120 میٹر لمبا ہے جس کا وزن 50لاکھ کلوگرام ہے اور اسے بار بار استعمال کرنا ممکن ہوگا۔ اسپیس ایکس پہلے ہی امریکی خلائی ادارے ناسا سے معاہدہ کرچکی ہے جس کے تحت اسٹار شپ کے ذریعہ دہائیوں بعد پہلی بار انسانوں کو چاند پر پہنچایا جائے گا۔ ناسا کی جانب سے آرٹیمس 3 مشن کے تحت انسانوں کو چاند کی سطح پر اتارا جائے گا اور یہ کام اسٹار شپ کی مدد سے ہوگا۔