لکھنؤ:سماجوادی پارٹی کے قائد اور رکن اسمبلی اعظم خان کو سانس لینے میں تکلیف کے بعد ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انھیں چہارشنبہ کی دیر رات سانس لینے میں تکلیف ہو رہی تھی اور طبیعت کی ناسازی کو دیکھتے ہوئے انھیں لکھنو کے میدانتا ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا۔ ہاسپٹل کی پریس ریلیز کے مطابق 74 سالہ محمد اعظم خان کو پھیپھڑوں کے نمونیا اور سانس لینے میں تکلیف کی وجہ سے آئی سی یو میں داخل کرایا گیا۔
4 اگست کو ضروری ٹیسٹس کے بعد اعظم خان کو کریٹیکل کیئر ٹیم کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ اس وقت سماجوادی پارٹی لیڈر کی طبیعت مستحکم اور کنٹرول میں ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ جلد ہی وہ صحت یاب ہو جائیں گے۔ اسپتال کی کریٹیکل کیئر ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر دلیپ دوبے اور ان کی ٹیم بہتر علاج کے لیے لگاتار کوشاں ہیں۔واضح رہے کہ اعظم خان گزشتہ 20 مئی کو سیتاپور جیل سے ضمانت پر رہا ہوئے تھے۔ سیتاپور جیل میں بھی اعظم خان کی طبیعت دو مرتبہ خراب ہوئی تھی اور تب بھی انھیں لکھنو کے میدانتا اسپتال میں ہی داخل کرایا گیا تھا۔ گزشتہ سال مئی میں اعظم خان کورونا سے بھی متاثر ہو گئے تھے۔