اعظم گڑھ سے اکھیلیش یادو کا پرچہ داخل

اعظم گڑھ ( یو پی ) 18 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) سماجوادی پارٹی سربراہ اکھیلیش یادو نے آج اعظم گڑھ لوک سبھا حلقہ سے اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا ۔ اکھیلیش یادو اس موقع پر بی ایس پی کے قومی جنرل سکریٹری ستیش چندرا مصرا کے ساتھ تھے ۔ وہ آج صبح یہاں پہونچے جہاں ان کا کثیر تعداد میں موجود پارٹی قائدین نے پرتپاک استقبال کیا ۔ بعد ازاں وہ کلکٹوریٹ پہونچے اور اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ کلکٹوریٹ کے باہر پارٹی کارکن ان کی تائید میںنعرہ بازی کر رہے تھے ۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد اکھیلیش نے کہا کہ عوام ترقی کیلئے ووٹ دینگے جو انہوں نے اپنی حکومت میں یقینی بنائی تھی ۔ ایس پی سربراہ نے کہا کہ اعظم گڑھ سماجوادی قائدین کی کرم بھومی ہے اور انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ حلقہ کے عوام ان کی تائید کا سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ اکھیلیش اس حلقہ سے اس بار میدان میں اترے ہیں جبکہ یہاں سے 2014 میں ان کے والد ملائم سنگھ یادو نے کامیابی حاصل کی تھی ۔ اس بار ملائم سنگھ یادو مین پوری سے انتخاب لڑ رہے ہیں اعظم گڑھ میں 12 مئی کو پولنگ ہوگی ۔

TOPPOPULARRECENT