کابل: افغانستان میں طالبان حکام کی جانب سے شعبہ صحت سمیت دیگر شعبوں میں خواتین کو کام کرنے کی اجازت دینے کی یقین دہانی کے بعد کئی امدادی تنظیموں نے اپنی سرگرمیاں بحال کردی ہیں۔ ’انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی‘ اور ’سیو دی چلڈرن اینڈ کیئر‘ نے رواں ہفتے کہا کہ وہ دوبارہ کچھ پروگرامز کا آغاز کررہے ہیں جن میں زیادہ تر صحت اور غذائیت پر مرکوز ہیں۔طالبان انتظامیہ نے گزشتہ ماہ مقامی اور غیر ملکی امدادی تنظیموں کو حکم دیا تھا کہ وہ خاتون عملے کو اگلے نوٹس تک کام کرنے کی اجازت نہ دیں۔اس اقدام کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی تھی جبکہ طالبان حکام نے اس حکم کو جائز قرار دیا تھا کیونکہ کچھ خواتین نے طالبان کی تشریح کے مطابق اسلامی لباس کی پابندی نہیں کی تھی۔اس حکم کے ردعمل میں بہت سی این جی اوز نے یہ جواز پیش کرتے ہوئے اپنی سرگرمیاں معطل کر دی تھیں۔