گریٹر نوئیڈا میں چلتی ہوئی بس میں لڑکی کی اجتماعی عصمت ریزی

,

   

16 سالہ لڑکی کو ڈرائیور اور کنڈکٹر نے نشانہ بنایا ۔4 اگسٹ کو پیش آیا واقعہ ‘ ملزمین گرفتار
نوئیڈا ۔31 اگسٹ ( ایجنسیز ) گریٹر نوئیڈا میں جاریہ ماہ کے اوائل میں ایک 16 سالہ لڑکی کی چلتی ہوئی بس میں عصمت ریزی کا واقعہ پیش آیا ہے اور اس سلسلہ میں دونوں ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ یہ دونوں ملزمین ایک خانگی فرم وشواناتھ ٹراویلس کیلئے گذشتہ دو سال سے کام کر رہے تھے ۔ گریٹر نوئیڈا میں پیش آنے والا واقعہ ڈسمبر 2012 میں پیش آئے نربھئے کیس سے مماثلت رکھتا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ 4 اگسٹ کو پیش آیا تھا جب یہ نوجوان لڑکی نوئیڈا سیکٹر 63 جانے کیلئے خالی بس میں سوار ہوئی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ بس ڈرائیور کلدیپ 39 سال اور کنڈکٹر 26 سالہ سندیپ کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ ان کی گرفتاری اسی دن عمل میں آنے کا دعوی کیا جا رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ لڑکی اُترپردیش میں مین پوری سے نوئیڈا جانے بس میں سوار ہوئی تھی ۔ جنسی حملے کا شکار ہونے کے بعد لڑکی نے پولیس میں شکایت درج کروائی ۔ لڑکی نے الزام عائد کیا کہ وہ اپنی والدہ کی ڈانٹ ڈپٹ کے بعد گھر والوں کو بتائے بغیر اپنی ایک رشتہ دار کے ہاں جانے روانہ ہوئی تھی ۔ وہ نوئیڈا کے پری چوک میں اُتری اور اس وقت شدید بارش ہورہی تھی ۔ اس وقت رات کے 9 بج رہے تھے ۔ اس نے ایک بس کو روکا اور اس میں کوئی مسافر سوار نہیں تھے ۔ وہ بس میں سوار ہوگئے ۔ پہلے کنڈکٹر نے اور پھر ڈرائیور نے اس کے ساتھ زیادتی کی ۔ دونوں نے مزاحمت کرنے پر اسے جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی تھی ۔ اسے بعد میں کشمیری گیٹ علاقہ کے قریب اتار دیا گیا ۔ لڑکی نے بعد ازاں پولیس میں شکایت درج کروائی جس پر ملزمین کو گرفتار کرلیا گیا ۔