نئی دہلی/کابل،3 اپریل (یو این آئی ) افغانستان کے ہندوکش علاقہ میں کل رات طاقتور زلزلے نے افغانستان سمیت شمالی ہند کے بڑے حصے کو ہلا کر رکھ دیا۔ زلزلہ پیما پر 5.9 کی شدت کے زلزلے سے افغانستان میں جانی نقصان کی اطلاعات ہیں، جبکہ ہندوستان میں دہلی این سی آر، جموں و کشمیر اور پنجاب سمیت کئی ریاستوں میں لوگ خوف کے عالم میں گھروں سے باہر نکل آئے ۔افغان میڈیا اور خبر رساں ایجنسی ‘بختار نیوز’ کے مطابق صوبہ کابل کے ضلع بگرامی میں ایک رہائشی عمارت گرنے سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے ، جبکہ ایک شخص لاپتہ ہے ۔ بدخشاں، جرم اور فیض آباد جیسے پہاڑی علاقوں میں جھٹکے زیادہ محسوس کیے گئے ، جہاں عمارتوں میں دراڑیں آنے کی اطلاعات ہیں۔ مقامی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے ۔نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان کے علاقے ‘جرم’ میں زمین کے اندر 150 سے 175 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔جموں و کشمیر کے سرینگر اور پونچھ میں جھٹکے کافی تیز تھے ۔ پنجاب کے شہروں امرتسر، لدھیانہ اور چندی گڑھ میں بھی زمین لرزنے کی خبریں ہیں ۔ دہلی،نوئیڈا، گروگرام اور غازی آباد میں لوگوں نے کئی سیکنڈ تک ارتعاش محسوس کیا۔ ہمہ منزلہ عمارتوں میں مقیم لوگ گھبراہٹ میں کھلے میدانوں میں جمع ہو گئے ۔ خوش قسمتی سے ہندوستان میں ابھی تک کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ ماہرین ارضیات کا کہنا ہے کہ زلزلے کا مرکز زمین میں کافی گہرائی پر ہونے کی وجہ سے اس کے جھٹکے بہت دور تک محسوس کیے گئے ، لیکن سطح تک پہنچتے پہنچتے اس کی تباہ کن صلاحیت کافی حد تک کم ہو گئی تھی، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر تباہی نہیں ہوئی۔