اقلیتوں کی بھلائی کی اسکیمات میں ریونت ریڈی حکومت سنجیدہ

   

سرکاری ملازمین کے مسائل کی یکسوئی، صدرنشین فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال کا خطاب
حیدرآباد۔/2 فروری، ( سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن محمد عبیداللہ کوتوال نے کہا کہ ریونت ریڈی حکومت اقلیتوں کی بھلائی کے سلسلہ میں سنجیدہ ہے اور اقلیتی اداروں کو اسکیمات پر عمل آوری کی ہدایت دی گئی ہے۔ صدرنشین اقلیتی فینانس کارپوریشن نے آل میناریٹی ایمپلائز اینڈ ورکرس اسوسی ایشن کی ڈائری اور کیلنڈر 2025 کی رسم اجراء انجام دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبید اللہ کوتوال نے کہا کہ کانگریس حکومت نے برسراقتدار آتے ہی اقلیتی بہبود کے بجٹ میں اضافہ کیا اور اہم سرکاری اسکیمات پر اقلیتوں کی مناسب حصہ داری کو یقینی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کے مسائل کی یکسوئی کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی سنجیدگی سے اقدامات کررہے ہیں۔ ملازمین کی بھلائی کیلئے حکومت نے کئی فیصلے کئے۔ عبید اللہ کوتوال نے اقلیتی ملازمین کو مشورہ دیا کہ وہ متحدہ طور پر اپنے مسائل کی یکسوئی کی مساعی کریں۔ انہوں نے تیقن دیا کہ وہ اقلیتی ملازمین کے مسائل کو حکومت سے رجوع کریں گے۔ عبید اللہ کوتوال نے اقلیتی فینانس کارپوریشن سے عمل کی جارہی اسکیمات کی تفصیلات بیان کی۔ اس موقع پر ایمپلائز اسوسی ایشن کے قائدین شیخ فاروق حسین، ڈاکٹر وحید قادری، محمد راشد، زاہد اختر، ڈاکٹر شبانہ بیگم، ڈاکٹر آمنہ بیگم، ساجد خان، عارف ایوب، مجیب اشرف اور دوسرے موجود تھے۔1