مختلف اداروں سے 4 اکتوبر تک تجاویز طلب
حیدرآباد ۔12۔ ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے اقلیتی طلبہ کو اسکل ڈیولپمنٹ سے متعلق مختلف کورسیس میں مختصر مدتی ٹریننگ کا منصوبہ ہے۔ یہ ٹریننگ مفت فراہم کی جائے گی۔ نیشنل اسکل ڈیولپمنٹ کارپوریشن اور دیگر سرکاری اداروں سے مسلمہ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس کے ذریعہ پیشہ ورانہ کورسیس اور آئی ٹی کورسیس میں ٹریننگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کارپوریشن نے نامور ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سے تجاویز طلب کی ہے۔ آئی ٹی اسکل کے تحت ڈیجیٹل مارکیٹنگ ، سوشیل میڈیا مینجمنٹ ، ویب ڈیزائیننگ، گرافک ڈیزائننگ ، ڈیٹا سائنس ، آرٹیفیشل انٹلیجنس ، ہارڈویر اینڈ نیٹ ورکنگ جیسے کورسس میں چار ماہ کی ٹریننگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ ایجوکیشن ہیلت ، اکاؤنٹنگ ،کنسٹرکشن اسکلس ، وٹرنری اینڈ ڈیری ، فیشن ڈیزائننگ اینڈ بیوٹی فیکیشن ، ہارٹیکلچر، ٹورازم اینڈ ہاسپٹالیٹی ، ڈرائیونگ ، الیکٹرانکس اور سیلف ایمپلائمنٹ شعبہ جات میں مختلف کورسس کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ اقلیتوں کے بیروزگار نوجوانوں کو ٹریننگ کی فراہمی اور نامور اداروں میں پلیسمنٹ کی سہولت فراہم کرنے کے اہل اداروں سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹس 4 اکتوبر تک مینجنگ ڈائرکٹر کے دفتر میں اپنی تجاویز پیش کرسکتے ہیں۔ ٹریننگ اینڈ ایمپلائمنٹ اسکیم کے تحت کارپوریشن نے مسلم ، بدھسٹ ، پارسی ، سکھ اورجین طبقات سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کو مختصر مدتی کورسیس میں ٹریننگ فراہم کرنے کی پہل کی ہے۔ 1