اقلیتی فینانس کارپوریشن سے خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم

   

رکن اسمبلی انیرود ریڈی اور صدر نشین عبید اللہ کوتوال کی شرکت
حیدرآباد۔ 20 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی جانب سے محبوب نگر ضلع کے جڑچرلہ میں غریب و مستحق اقلیتی خواتین میں سلائی مشینوں کی تقسیم عمل میں آئی۔ رکن اسمبلی انیرود ریڈی، ضلع کلکٹر وجیندر بوئی اور صدر نشین اقلیتی فینانس کارپوریشن محمد عبید اللہ کوتوال اس موقع پر موجود تھے۔ اندراماں میناریٹی مہیلا شکتی اسکیم کے تحت ریاست بھر میں اقلیتی فینانس کارپوریشن کے ذریعہ سلائی مشینوں کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے غریب اقلیتی خواتین کو معاشی طور پر مستحکم کرنے کے لئے پہلے مرحلہ میں سلائی مشینوں کی تقسیم کی ہدایت دی ہے۔ تمام اسمبلی حلقہ جات میں مشینوں کی تقسیم کے بعد دیگر اسکیمات پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن اسمبلی انیرود ریڈی نے کہا کہ ریونت ریڈی کی زیر قیادت کانگریس حکومت اقلیتوں اور دیگر طبقات کی بھلائی کے اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تعلیمی، معاشی اور سماجی سطح پر کمزور طبقات کو بااختیار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر نشین اقلیتی فینانس کارپوریشن عبید اللہ کوتوال نے کہا کہ دوسرے مرحلہ میں باقی اسمبلی حلقہ جات کا احاطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے اقلیتوں سے اپیل کی کہ وہ فینانس کارپوریشن کی جانب سے اسکل ڈیولپمنٹ اسکیمات سے استفادہ حاصل کریں۔ انہوں نے کہا کہ راجیو یوواوکاسم اسکیم پر عمل آوری کے سلسلہ میں جلد ہی حکومتی سطح پر گائیڈلائنس جاری کئے جائیں گے۔ 1