حیدرآبادیکم جنوری(یواین آئی) ریاست کے تین دارالحکومتوں کی تجویز کے خلاف آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی کے کسانوں کا احتجاج 15ویں دن بھی جاری ہے ۔دارالحکومت امراوتی کے مختلف دیہاتوں کے کسانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نئے دارالحکومتوں کے قیام کی تجویز کے سلسلہ میں تشکیل دی گئی جی ایس راو کمیٹی کی رپورٹ کو منسوخ کیا جائے ۔ان کسانوں نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور حکومت کے رویہ پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ جب ریاست میں ایک دارالحکومت ہے تو پھر تین دارالحکومتوں کے قیام کی تجویز کی کیا ضرورت ہے ؟اس سے ریاست کے عوام بالخصوص دارالحکومت کے کسانوں میں الجھن پائی جاتی ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے ۔ کسانوں کا کہنا ہے کہ امراوتی میں انفراسٹرکچر تیار ہے اور تین دارالحکومتوں کی کوئی ضرورت ہی نہیں ہے ۔