پہاڑی شریف میں دو ایکر اراضی پر 86 کروڑ سے نئے حج ہاؤز کی تعمیر کا منصوبہ

   

حجاج کرام کو 10 ہزار روپئے کی عنقریب اجرائی، تلنگانہ اسمبلی میں وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین کا جواب

حیدرآباد۔10۔ستمبر (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود محمد اظہرالدین نے کہا کہ پہاڑی شریف میں شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ کے قریب دو ایکر اراضی پر عصری سہولتوں سے آراستہ حج ہاؤز تعمیر کیا جائے گا ۔ حکومت نے تعمیری کاموں کیلئے 86.50 کروڑ مختص کئے ہیں۔ تلنگانہ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مجلسی ارکان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے محمد اظہرالدین نے کہا کہ عہدیداروں کی ٹیم نے بنگلور جاکر حج ہاؤز اور وہاں کی سہولتوں کا جائزہ لیا ہے ۔ تلنگانہ حکومت بنگلور کے حج ہاؤز کی نقل کرنا نہیں چاہتی بلکہ بہتر سہولتوں کے ساتھ ایک مثالی حج ہاؤز تعمیر کیا جائے گا ۔ کرناٹک حج ہاؤز کے آرکیٹکٹ سے بھی بات چیت کی گئی ہے۔ اظہرالدین نے بتایا کہ مسرس سجاد اسوسی ایٹس کی خدمات حاصل کی گئی ہے اور 86.5 کروڑ کی اجرائی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ابھی تک فنڈس جاری نہیں ہوئے۔ اظہرالدین نے بتایا کہ نامپلی میں واقع حج ہاؤز میں سرکاری دفاتر موجود ہیں۔ مسلم ارکان اسمبلی سے تجاویز حاصل کرتے ہوئے حج ہاؤز کی نئی عمارت کے استعمال کے سلسلہ میں فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حج 2026 کے حجاج کرام کو اضافی فضائی کرایہ کے طور پر حکومت کی جانب سے اعلان کردہ فی کس 10,000 روپئے جلد ہی جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حج ہاؤز کی نئی عمارت کو عام دنوں میں اسکل ڈیولپمنٹ اور دیگر تعلیمی سرگرمیوں کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ وزیر اقلیتی بہبود نے بتایا کہ درگاہ حضرت بابا شرف الدین کی وقف اراضی کے تحت مامیڑپلی میں حج ہاؤز کے لئے 2 ایکر اراضی مختص کی گئی ہے۔ انہوں نے حج ہاؤز اور دیگر امور پر ارکان اسمبلی کے ساتھ عنقریب اجلاس طلب کرنے کا تیقن دیا ۔ مجلس کے فلور لیڈر اکبر اویسی نے ضمنی سوالات کے ذریعہ حج ہاؤز کی اراضی ، بجٹ ، آرکیٹکٹ کے انتخاب اور ایام حج کے بعد عمارت کے استعمال کے بارے میں سوالات کئے۔1/k
انہوں نے تجویز پیش کی کہ حج ہاؤز کی نئی عمارت کو ایام حج کے بعد اسکل ٹریننگ اور مسابقتی امتحانات کے لئے اقلیتی طلبہ کو کوچنگ کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔1/k