نئی دہلی :امریکہ میں ہندو مندر میں توڑ پھوڑ کے معاملے پر وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا ردعمل سامنے آیا ہے۔وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ اس واقعہ سے واقف ہیں۔ اس کے بارے میں میںجانکاری ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے باہر علاحدگی پسند قوتوں اور انتہا پسندی کو جگہ نہیں ملنی چاہیے۔ ہمارے سفارت خانے نے وہاں کی حکومت اور پولیس سے شکایت کی ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔میڈیا کے مطابق ہندو امریکن فاؤنڈیشن کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ واقعہ واشنگٹن ڈی سی سے تقریباً 100 کلومیٹر دور کیلیفورنیا کے ایک شہر میں پیش آیا ہے۔ مندر کی دیواروں پر ہندوستان مخالف نعرے لکھے گئے ہیں۔ شیئر کی گئی تصاویر میں سوامی نارائن مندر کی دیواروں پر نعرے لکھے ہوئے تھے۔حالیہ عرصہ میں بیرونی ممالک میں ہندوستان مخالف سرگرمیوں پر حکومت کو تشویش لاحق ہے ۔ آسٹریلیا میں بھی وقفہ وقفہ سے ہندوستان مخالف سرگرمیاں دیکھی گئی ہیں جب کہ کینیڈا میں خالصتان کے حامیوں کی جانب سے مخالف ہند کارروائیوں سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بھی کشیدہ ہوگئے ہیں ۔