واشنگٹن : امریکی صدربائیڈن نے ماسٹر کارڈ کے سابق چیف ایگزیکٹوآفیسر(سی ای او) ہندوستانی نژاد اجے بانگا کو عالمی بینک کا اگلا صدر نامزد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ واشنگٹن بینک پر زوردے رہا ہیکہ وہ اپنی مالیاتی طاقت کو وسعت دے اور موسمیاتی تبدیلی اور صحت عامہ جیسے عالمی مسائل سے نمٹے۔ بائیڈن نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا کہ بانگا نے تین دہائیوں سے زیادہ عرصے تک کامیابی سی ایسی عالمی کمپنیوں کی تعمیروترقی اورانتظام میں وقت گزارہ ہے جو روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہیں اور ترقی پذیر معیشتوں میں سرمایہ کاری لاتی ہیں اور بنیادی تبدیلیوں کے دور میں تنظیموں کی رہنمائی کرتی ہیں۔وہ اس وقت امریکی سرمایہ کاری فرم جنرل اٹلانٹک ایل پی کے وائس چیئرمین کے طورپرخدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس سے پہلے انہوں نے ماسٹرکارڈ کے صدر اور سی ای او کی حیثیت سے ایک عشرے تک خدمات انجام دی تھیں۔انھوں نے سٹی گروپ انکارپوریٹڈ میں ایشیا بحرالکاہل خطے کے سی ای او سمیت مختلف عہدوں پرکام کیا تھا۔