امریکی ریستوران کے باہر سے 15 فٹ طویل چمچہ کا سرقہ

   

فینکس: ایریزونا کی ایک ریستوران ڈیری کوئن کے باہر نصب پلاسٹک کا 15 فٹ لمبا چمچہ غیرمعمولی طور پر غائب ہوگیا ہے جس پرخود مالکان بھی حیران ہیں۔مالکان کے مطابق یہ ایک معمہ ہے کہ چمچہ چور کے کسی کام کا نہیں اور اس نے ایسا کیوں کیا ہے؟ پوجا کلرا اور اس کے شوہر ریستوران کے مالک ہیں جن کے مطابق جمعے اور ہفتے کی رات کسی وقت یہ چمچہ چرایا گیا ہے جو لگ بھگ ساڑھے چار میٹر طویل ہے۔ اس چمچے کو سیدھا رکھتے ہوئے چھت کی ریلنگ سے سہارا دیا گیا تھا۔سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ دو مشکوک افراد نے پہلے اسکرو اور نٹ بولٹ کھولے اور چمچے کو ایک موٹرسائیکل پر رکھ کر سکون سے فرار ہوئے ہیں۔ پوجا کے مطابق وہ اپنے کام میں ایسے ماہر تھے کہ گویا وہ اس سے پہلے بھی کچھ وارداتیں کرچکے ہیں تاہم وہ جاننے سے قاصر ہیں کہ آخریہ شوپیس ان کے کس کام آسکتا ہے۔