واشنگٹن، 30 اپریل (یو این آئی) ایران تنازعہ پر امریکی صدر کے بیانات پر اب مخالفین پارلیمنٹرین ٹرمپ کے دماغی توازن پر سوالات اٹھا رہے ہیں۔ امریکی صدر اپنے بیانات کی وجہ سے نہ صرف دنیا بھر بلکہ اپنے ملک میں بھی تنقید کا نشانہ بنتے رہتے ہیں۔ ٹرمپ پر مخالفین کی تنقید میں مزید تیزی آ گئی ہے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر دفاع و جنگ پیٹ ہیگستھ کانگریس کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے تو انہیں اپوزیشن اراکین کے ایسے سخت سوالات کا سامنا کرنا پڑا جس کا ان کے پاس کوئی جواب نہ تھا۔ رپورٹ کے مطابق اس موقع پر امریکی کانگریس کی خاتون رکن سارا جیکب صدر ٹرمپ کے ذاتی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ان کی نامناسب اور مضحکہ خیز پوسٹوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ٹرمپ کی ذہنی صحت پر سوال اٹھا دیا۔ اس موقع پر ان کے عقب میں ایک معاون نے صدر ٹرمپ کے کٹ آؤٹس اٹھا رکھے تھے ۔ ان پوسٹرز میں اے آئی سے تیار کردہ وہ تصویر بھی شامل تھی، جس میں ٹرمپ نے خود کو مسیحا نما انداز میں دکھایا تھا اور بعد ازاں تنقید پر اس کو حذف کر دیا تھا۔ رکن کانگریس سارا جیکب نے وزیر دفاع و جنگ اور ٹرمپ کے قریبی ساتھی سے پوچھا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ صدر ذہنی طور پر اتنے مستحکم ہیں کہ کمانڈر اِن چیف کی ذمہ داری نبھا سکیں؟’ وزیر جنگ پہلے تو آئیں بائیں شائیں کرتے رہے اور پھر کہا کہ آپ یہ سوال اب پوچھ رہی ہیں جبکہ آپ اور آپ کے دیگر ڈیموکریٹس ساتھی جوبائیڈن کا دفاع کرتے رہے جنھیں بولنے تک میں دشواری ہوتی تھی۔