انتخابات میں کامیابی کیلئے عوام کے 4 لاکھ کروڑ روپئے کے خرچ کا منصوبہ!

,

   

سات ریاستوں میں انتخابات سے قبل تیاریاں۔ گذشتہ انتخابات میں خرچ کی گئی رقم اب تین گنا ہو جائے گی۔آمدنی کا بڑا حصہ خرچ ہوگا

نئی دہلی 19 نومبر ( ایجنسیز ) ملک کی سات ریاستوں میں 2027 کے اوائل میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں ایسے میں سیاسی جماعتوں کیلئے غیرمشروط رقمی منتقلی کی اسکیمات اہم انتخابی ہتھیار بن سکتی ہیں کیونکہ ان ریاستوں میں اجتماعی طور پر زائد از 35,000 کروڑ روپئے کا بجٹ سال 2026-27 کیلئے مختص کیا گیا تھا اس کے علاوہ ویلفیر اسکیمات کے اخراجات سے اقتصادی دباؤ میں مزید اضافہ ہوگا ۔ تمام ریاستوں کا اگر جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح ہوگی کہ تقریبا چار لاکھ کرڑ روپئے مخصوص غیر مشروط رقمی منتقلی اسکیمات کیلئے 2026 – 27 کے بجٹ میں شامل رکھی گئی ہیں۔ اس طرح گذشتہ پانچ برسوں میں یہ رقم تین گنا بڑھ گئی ہے ۔ 2022 – 23 میں یہ رقم دیڑھ لاکھ کروڑ روپئے تک تھی ۔ پی آر ایس لیجسلیٹیو ریسرچ رپورٹ میں یہ بات سامنے آئی ہے ۔ یہ اسکیمات خواتین ‘ کسانوں ‘ نوجوانوں اور سماجی سکیوریٹی پنشن استفادہ کنندگان کیلئے تیار کی جا رہی ہیں اور سال 2026 – 27 میں ان پر جملہ گھریلو پیداوار کا ایک فیصد حصہ خرچ ہوسکتا ہے جبکہ 2022 – 23 میں یہ جی ڈ؁ پی کا 0.6 فیصد تھا ۔ جن سات ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں ان میں پنجاب ‘ اترپردیش ‘ گجرات ‘ گوا ‘ اترکھنڈ ‘ ہماچل پردیش اور منی پور شامل ہیں ۔ رپورٹ کے مطابق ان ریاستوں نے غیر مشروط رقمی منتقلی اسکیمات کیلئے 2026- 27 میں 35,333 کروڑ روپئے مختص کئے تھے ۔ پنجاب میں جملہ 15,432 کروڑ روپئے ‘ اترپردیش میں 13,604 کروڑ روئے ‘ گجرات میں 4,167 کروڑ روپئے ‘ گوا میں 809 کروڑ روپئے ‘ اترکھنڈ میں 699 کروڑ روپئے ‘ ہماچل پردیش میں 614 کروڑ روپئے اور منی پور میں 8 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ جن سات ریاستوں میں انتخابات ہونے والے ہیں ان میں سے پانچ میں بی جے پی کی حکومت ہے جبکہ کانگریس ہماچل پردیش میں اور عام آدمی پارٹی پنجاب میں اقتدار رکھتی ہے ۔ جن ریاستوں میں 2023 – 24 میں انتخابات ہوئے تھے ان میں زائد از نصف اخراجات غیر مشروط منتقلی سے متعلق تھے ۔ ان میں مغربی بنگال 61 فیصد اور آسام 60 فیصد شامل ہیں۔ دونوں میں بی جے پی کی حکومت ہے ۔ اس کے علاوہ ملک کی 29 ریاستوں نے 2024 – 25 میں سبسسیڈیز پر جملہ 4.4 لاکھ کروڑ روپئے خرچ کئے تھے ۔ یہ ان ریاستوں کی جملہ آمدنی کا 11 فیصد تھا ۔ پنجاب نے اپنی آمدنی کا 19.3 فیصد حصہ سبسڈی پر خرچ کیا جبکہ کرناٹک اور ٹاملناڈو میں 18.6 فیصد رقومات ‘ مدھیہ پردیش میں 17.4 فیصد اور راجستھان میں 15 فیصد رقومات سبسڈی پر خرچ کی گئیں۔ سال 2026 – 27 کیلئے مالیہ اخراجات کا جو بجٹ ہے وہ ان ریاستوں کے جملہ اخراجات کا 82 فیصد حصہ بنتا ہے جبکہ اس کیلئے بجٹ میں صرف 17 فیصد مختص تھے ۔