اندراماں فیملی بیمہ اسکیم پر مؤثر عمل آوری کیلئے کلکٹر کی ہدایت

   

20 نومبر سے رجسٹریشن مراکز کا آغاز، فوڈ سکیورٹی کارڈ رکھنے والے خاندان پہلی ترجیح
نظام آباد 19 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت کی جانب سے متعارف کردہ اہم فلاحی اسکیم ’’اندرا اماں خاندانی زندگی بیمہ‘‘ کو ضلع نظام آباد میں کامیابی کے ساتھ نافذ کرنے کے لیے تمام متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار باہمی تال میل کے ساتھ کام کریں۔ ان خیالات کا اظہار ضلع کلکٹر نظام آباد ایلا ترپاٹھی نے کیا یہ آج انٹیگریٹیڈ ڈسٹرکٹ کلکٹریٹ آفس کامپلکس (آئی ڈی او سی) میں متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ منعقدہ جائزہ اجلاس میں اسکیم پر عمل آوری کے سلسلے میں ضروری ہدایات جاری کیں۔ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے کہا کہ ضلع کے تمام میونسپل دفاتر اور منڈل مراکز میں واقع گرام پنچایتوں میں زندگی بیمہ کے اندراج کے لیے خصوصی مراکز قائم کیے جائیں اور 20 نومبر سے رجسٹریشن کا عمل شروع کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فی الحال صرف فوڈ سکیورٹی کارڈ رکھنے والے خاندان ہی اس اسکیم سے استفادہ کے اہل ہوں گے۔ چونکہ رجسٹریشن کا پورا عمل آن لائن انجام دیا جائے گا، اس لیے عہدیدار اور عملہ خصوصی احتیاط برتیں تاکہ اندراج کے دوران کسی قسم کی غلطی نہ ہو۔ انہوں نے ہدایت دی کہ خاندان کے افراد، نامزد افراد (نومنی)، عمر اور آپسی رشتوں سے متعلق تفصیلات درست طور پر درج کی جائیں۔ خصوصی رجسٹریشن مراکز پر ہیلپ ڈیسک، کمپیوٹر اور آن لائن سہولتوں سمیت تمام ضروری انتظامات فراہم کیے جائیں۔ کلکٹر نے کہا کہ تفصیلات درج کرنے والے آپریٹرس کو اسکیم کے طریقہ کار سے مکمل واقفیت ہونی چاہیے جبکہ ایم پی ڈی اوز اس پورے عمل کی مسلسل نگرانی کریں۔ انہوں نے بتایا کہ فوڈ سکیورٹی کارڈ نمبر کی بنیاد پر آن لائن تفصیلات درج کیے جانے کے بعد بیمہ کروانے والے شخص کے موبائل فون پر اطلاع موصول ہوگی۔کلکٹر نے مزید وضاحت کی کہ فوڈ سکیورٹی کارڈ رکھنے والے خاندانوں کے افراد ضلع میں کسی بھی مقام پر قائم اپنی سہولت کے مطابق رجسٹریشن مرکز پہنچ کر تفصیلات درج کروا سکتے ہیں۔ اجلاس میں اڈیشنل کلکٹر بھوجنگ راؤ، زیڈ پی سی ای او سایہ گوڑ، ڈی آر ڈی او ساینا، میونسپل کارپوریشن کے اسسٹنٹ کمشنر چندر شیکھر، مختلف میونسپل کمشنرس، منڈل اسپیشل آفیسرس، ایم پی ڈی اوز، ایم پی اوز اور متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی۔