نیکلس روڈ واقع مجسمہ پر گلہائے عقیدت، وزراء اور قائدین کی شرکت
حیدرآباد، 19 نومبر ]سیاست نیوز[صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کو ان کے یومِ پیدائش کے موقع پر بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ملک کی ترقی و استحکام کے لیے ان کی انتھک خدمات کی بھرپور ستائش کی ہے۔ حیدرآباد کے نیکلس روڈ پر واقع مجسمہ اندرا گاندھی پر گل ہائے عقیدت پیش کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اندرا گاندھی آہنی عزم کی مالک خاتون تھیں اور انہوں نے ملک کے مفاد میں جو تاریخی فیصلے لیے ، وہ آج بھی دنیا بھر کے کئی قائدین کے لیے رہنمائی کا ذریعہ بنے ہوئے ہیں۔مہیش کمار گوڑ نے اندرا گاندھی کی غریب پروری کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سماج کے کمزور طبقات کی فلاح و بہبود کو ہمیشہ اولین ترجیح دی اور جھونپڑیوں سے پاک دیہات کا خواب دیکھا۔ انہوں نے نوجوانوں اور پارٹی کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ اندرا گاندھی کی زندگی اور ملک کے لیے ان کی قربانیوں سے واقفیت حاصل کرنے کے لیے سونیا گاندھی کی تحریر کردہ کتاب کا ضرور مطالعہ کریں۔ اس تقریب میں ریاستی وزراء سیتا اکا، پونم پربھاکر، رکن پارلیمنٹ انیل کمار یادو، سابق وزراء ڈی ناگیندر، ڈاکٹر جی گیتا ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے۔-2