انہت اور تنوی کے درمیان ایشین گیمز کا آل انڈیا کوارٹر فائنل

   

ناگویا، 24 ستمبر (آئی اے این ایس) ہندوستان نے2026 ایشین گیمز میں جمعرات کو اسکواش کے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنگلز اور مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں6 کھلاڑیوں کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا۔دن کی سب سے نمایاں کامیابی خواتین کے سنگلز میں سامنے آئی، جہاں انہت سنگھ اور تنوی کھنہ نے آخری 8 میں جگہ بناتے ہوئے آل انڈیا کوارٹر فائنل یقینی بنایا۔ اب سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے دونوں ہندوستانی کھلاڑی ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔ تیسری سیڈ اور ورلڈکپ کی فاتح انہت سنگھ نے سنگاپور کی او یونگ وائی لین کو صرف 19 منٹ میں 3-0 سے شکست دی۔ ان کی جیت کا اسکور11-4، 11-5، 11-7 رہا۔ انہت نے آغاز ہی سے مقابلے پرگرفت مضبوط رکھی اور اپنی حریف کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ دوسری جانب تنوی کھنہ کو ایک اور سنگاپوری کھلاڑی او یونگ وائی یان کے خلاف سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔ تنوی نے پہلا گیم 5-11 سے گنوایا، لیکن شاندار واپسی کرتے ہوئے اگلے تین گیمز11-4، 11-5 اور 13-11 سے جیت لیے اور 3-1 سے کامیابی حاصل کی۔ مردوں کے سنگلز میں بھی ہندوستان کے دو کھلاڑی کوارٹر فائنل میں پہنچے، تاہم دونوں کی کامیابی کے راستے مختلف رہے۔ ابھے سنگھ نے سری لنکا کے روندیو لکسیری کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 25 منٹ میں 3-0 سے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے مقابلہ 11-5، 11-6، 11-0 سے جیتا۔ کوارٹر فائنل میں ان کا سامنا جاپان کے ریونوسوکے تسوکوئے سے ہوگا۔ وہیں ویر چوٹ رانی کو ملائیشیا کے سنجے جیوا کے خلاف سخت مقابلے کا سامنا کرنا پڑا۔ ابتدائی چارگیمز برابر رہنے کے بعد فیصلہ کن گیم میں ویر نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے2-3سے کامیابی حاصل کی۔ ایک گھنٹہ 9 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں انہوں نے 11-9، 8-11، 11-6، 15-17، 11-6 سے فتح حاصل کی۔ کوارٹر فائنل میں وہ پاکستان کے عرفان محمد کے خلاف کھیلیں گے۔ مکسڈ ڈبلز میں بھی ہندوستان نے کامیابی حاصل کی۔ تجربہ کار جوشنا چناپا اور ویلاون سینتھل کمار نے ہم وطن سورج چند اور شمینہ ریاض کو 2-0 سے شکست دی۔ ہندوستانی جوڑی نے یہ مقابلہ 11-7، 11-10 سے اپنے نام کیا۔پہلا گیم جیتنے کے بعد جوشنا اور ویلاون کا کنٹرول برقرار رہا، تاہم دوسرے گیم میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ سورج اور شمینہ نے 7-9 کے خسارے سے واپسی کرتے ہوئے اسکور 9-9 سے برابر کردیا، لیکن تجربہ کار ہندوستانی جوڑی نے 11-10 سے گیم جیت کر مقابلہ اپنے نام کرلیا۔ایشین چمپئن شپ میں برونز میڈل جیتنے والی جوشنا اور ویلاون کی جوڑی کا جمعہ کو کوارٹر فائنل میں فلپائن کے ڈیوڈ پیلینو اور جیمیکا اریبادو سے مقابلہ ہوگا۔