حیدرآباد ۔ 28۔ مئی (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ کے وکیشن بنچ نے اوبلا پورم مائیننگ مقدمہ میں سزا پانے والے ملزمین کی درخواست سماعت سے انکار کرتے ہوئے تعطیلات کے بعد ریگولر بنچ پر اپیل کرنے کی ہدایت دی۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے اوبلا پورم مائیننگ کیس میں حال ہی میں گالی جناردھن ریڈی ، محفوظ علی خاں ، راج گوپال اور سرینواس ریڈی کو 7 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ مقدمہ کی تقریباً 15 سال تک سماعت کے بعد یہ فیصلہ سنایا گیا تھا ۔ سماعت کے دوران مقدمہ کے ملزم A-5 لنگا ریڈی کی موت واقع ہوئی تھی جبکہ A-6 آئی اے ایس عہدیدار سری لکشمی کو مقدمہ سے نجات دی گئی ۔ سابق وزیر سبیتا اندرا ریڈی کو بے قصور قرار دیا گیا۔ سی بی آئی عدالت کے فیصلہ کے خلاف گالی جناردھن ریڈی اور دوسروں نے ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی اور ضمانت کی منظوری کی درخواست کی۔ سی بی آئی نے ضمانت کی مخالفت کی۔ وکیشن بنچ نے جناردھن ریڈی اور دیگر 4 ملزمین کی اپیل کی سماعت سے انکار کیا اور کہا کہ تعطیلات کے اختتام کے بعد ریگولر کورٹ میں سماعت کی جائے گی ۔ اس فیصلہ سے گالی جناردھن ریڈی اور ان کے ساتھیوں کو دھکا لگا ہے۔1