نئی دہلی: ہلاکت خیز کووڈ۔19 کی نئی قسم اومیکرون کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر کرسمس کے دن دنیا بھر میں 2600 سے زیادہ پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔ یہ معلومات فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ’ فلائٹ اوار‘ کی طرف سے شائع کردہ ڈیٹا میں دی گئی ہے۔ ان میں سے 231 پروازیں امریکہ سے ہیں۔ چائنا ایسٹرن ایئر لائنز نے دنیا میں سب سے زیادہ پروازیں منسوخ کیں۔ اس کے بعد ڈیلٹا، ایئر چائنا اور یونائیٹڈ ایئر لائنز ہیں۔میڈیا کے مطابق، کئی ممالک میں پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں جبکہ سخت حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ فضائی کمپنیوں نے پروازوں کی منسوخی کی وجہ صحت مند فضائی عملے کی قلت کو بتایا ہے۔ اس سے قبل ہفتہ کو تقریباً 2300 پروازیں جبکہ جمعہ کو 2400 پروازیں منسوخ کی گئی تھیں۔ ہفتہ کو امریکی ہوائی اڈوں سے آٹھ سو سے زائد پروازیں منسوخ ہوئیں۔