ایران جنگ کے باوجود… سعودی عرب کے بڑے منصوبے جاری

   

ریاض ۔ 3 نومبر (ایجنسیز) جب امریکی اور ایرانی جنگ کے دوران آبنائے ہرمز کے ذریعے تجارتی آمد و رفت معطل ہوئی تو سرمایہ کاروں کے ذہن میں سب سے پہلا خیال تیل کا آیا۔ تاہم سعودی عرب کیلئے سب سے اہم تشویش تیل سے آگے کے مرحلے سے متعلق نظر آئی۔ایک ایسے وقت میں جب عالمی کمپنیاں علاقائی خطرات کا از سرِ نو جائزہ لے رہی تھیں، مملکت نے سیاحت، شہری ترقی، مصنوعی ذہانت اور صاف ستھری توانائی کے شعبوں میں اربوں ریال کے منصوبوں کا اعلان جاری رکھا، جو اس بات کا اشارہ تھا کہ جیو پولیٹیکل کشیدگی کے باوجود ویڑن 2030 کے تحت اس کی اقتصادی ترجیحات تبدیل نہیں ہوئی ہیں۔یہ محض ترقیاتی اخراجات نہیں تھے۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) کے مطابق سعودی معیشت نے جدید بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی اصلاحات کی بدولت مشرقِ وسطیٰ کی جنگ کے مقابلے میں لچک کا مظاہرہ کیا۔ فنڈ نے یہ بھی توقع ظاہر کی ہے کہ تجارتی اور بحری آمدورفت میں رکاوٹوں کی وجہ سے 2026 کے دوران نمو کی سست روی کے باوجود، سرکاری اخراجات اور سرمائے کے منصوبوں کی مسلسل تکمیل کے ذریعے اقتصادی سرگرمیوں کی معاونت جاری رہے گی۔یہ پیغام جنگ کے بعد تیز ہونے والے منصوبوں کی نوعیت میں واضح طور پر دکھائی دیتا ہے۔ کسی ایک شعبہ پر توجہ مرکوز کرنے کے بجائے، اخراجات تین اہم محوروں پر تقسیم کیے گئے: شہر اور سیاحت، ڈیجیٹل معیشت اور صاف ستھری توانائی۔
مشرقی صوبے (الشرقیہ) میں عمومی سرمایہ کاری فنڈ (PIF) سے منسلک سعودی ڈاؤن ٹاؤن کمپنی نے ڈاؤن ٹاؤن الخبر پروجیکٹ شروع کیا، جس میں ہزاروں رہائشی یونٹس، ہوٹل، نیز تجارتی و دفتری جگہ شامل ہیں۔ پالیسی سازوں کے نزدیک ان منصوبوں کی کامیابی کی پیمائش تعمیر ہونے والے ٹاورز کی تعداد سے نہیں کی جاتی، بلکہ تعمیرات سے لے کر مہمان نوازی، ریٹیل اور خدمات سے متعلق سرگرمیوں کے ذریعے پیدا ہونے والی ملازمتوں کی تعداد سے ہوتی ہے۔