کانگریس پارٹی سماجی انصاف کی فراہمی میں سنجیدہ، اسمبلی میں اتم کمار ریڈی کی تقریر
حیدرآباد 18 مارچ (سیاست نیوز) ایس سی زمرہ بندی کے مسئلہ پر تشکیل دی گئی کابینہ سب کمیٹی کے صدرنشین اور ریاستی وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہاکہ کانگریس حکومت نے انتخابات کے موقع پر ایس سی طبقات سے زمرہ بندی کا جو وعدہ کیا تھا اُس کی قانون سازی کے ذریعہ تکمیل کی ہے۔ اسمبلی میں مباحث میں حصہ لیتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہاکہ کانگریس پارٹی ابتداء ہی سے ایس سی زمرہ بندی کے مطالبہ کی تائید کررہی ہے۔ کانگریس قائد راہول گاندھی نے انتخابی مہم کے دوران ایس سی زمرہ بندی کی تائید کی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ پنجاب، ہریانہ اور ٹاملناڈو میں ایس سی زمرہ بندی پر عمل آوری جاری ہے۔ اتم کمار ریڈی کے مطابق جسٹس شمیم اختر کمیشن نے 52 ذیلی طبقات کی تعلیمی، سماجی اور معاشی پسماندگی کا جائزہ لیتے ہوئے 3 ذیلی گروپس تشکیل کی سفارش کی ہے۔ 2011 ء مردم شماری کی بنیاد پر درج فہرست اقوام کی آبادی کا تعین کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ اسمبلی میں ایس سی زمرہ بندی بِل کی منظوری تلنگانہ کے لئے تاریخی دن ہے۔ گزشتہ کئی دہوں سے درج فہرست اقوام زمرہ بندی کی مانگ کررہے تھے جسے ریونت ریڈی حکومت نے مکمل کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ کابینی سب کمیٹی کی صدارت کو وہ اپنے لئے ایک اعزاز سمجھتے ہیں جس کے ذریعہ ایس سی طبقات کے ساتھ انصاف کی کوشش کی گئی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ رکن اسمبلی اور رکن پارلیمنٹ کی حیثیت سے اُنھوں نے دونوں ایوانوں میں ہمیشہ ایس سی زمرہ بندی کی تائید کی تھی۔ اُنھوں نے کہاکہ ایس سی زمرہ بندی قانون سازی میں حصہ داری کو وہ اپنے لئے ایک اعزاز تصور کرتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ ایس سی زمرہ بندی سے دیگر طبقات کے ساتھ کوئی ناانصافی نہیں ہوگی۔ 1